• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستار کے بے تاج بادشاہ’پنڈت روی شنکر‘کی 7ویں برسی آج منائی جائیگی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ ستارنواز پنڈت روی شنکر کو اپنے مداحوں سے بچھڑے7 برس بیت گئے لیکن ان کی ترتیب دی گئی مدھر دھنیں آج بھی چاہنے والوں کے کانوں میں رس گھول رہی ہیں۔7 اپریل 1920 کو بھارتی شہر وارانسی(بنارس) کے ایک بنگالی خاندان میں جنم لینے والے روی شنکر نے 18برس کی عمر میں ستار بجانا شروع کیا اور عالمی شہرت حاصل کی۔انہوں نے نہ صرف بھارتی موسیقی کو مغرب میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ انہوں نے مغربی ممالک میں بھی بہت شہرت حاصل کی۔روی شنکر کوبھارتی حکومت نے پدم بھوشن سمیت 1999میں اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا،صرف یہی نہیں بلکہ ان کی خدمات کے پیشِ نظر انہیں تین گریمی ایوارڈ بھی دئیے گئے۔پنڈت روی شنکرنے بیٹلز اور رولنگ سٹونز جیسے مغربی موسیقار گروپوں کے ساتھ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیااوراس کے علاوہ انہوں نے رچرڈ ایٹنبرو کی شہرہ آفاق فلم ’گاندھی‘ سمیت کئی مشہور فلموں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔11دسمبر کو پنڈت روی شنکر پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث 92برس کی عمر میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں انتقال کر گئے لیکن ان کی موسیقی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔واضح رہے کہ پنڈت روی شنکر کی دونوں بیٹیاں ستار نواز انوشکا شنکر اور گریمی ایوارڈ یافتہ نوراہ جونز بھی دنیائے موسیقی میں اہم مقام رکھتی ہیں۔
تازہ ترین