• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیموں کو پاکستان نہ آنے کا جواز دینا ہوگا،احسان مانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرتی ہے تو اسے جواز پیش کرنا ہوگا۔ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان آنے کے بعد اب دیگر ٹیموں کو نہ آنے کی وجہ بتانا ہوگی۔ منگل کو صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات منطقی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، لوگوں کا پاکستان کے بارے میں جو تاثر ہے وہ پاکستان کے زمینی حقائق سے بالکل مختلف ہے۔ احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے دورے سے متعلق مثبت جواب کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں، بنگلا دیش نے دورے سے منع کیا تو وجہ بتانا ہوگی، بنگلا دیشی سیکورٹی وفد کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، اب حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں۔ جب غیرملکی نمائندوں نے حقیقت دیکھی تو ان کا رویہ بہت مختلف تھا،کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹوکا ردعمل بہت مثبت تھا اور انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ آنے کے حوالے سے وجہ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ آسٹریلیا اور انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام سے بھی مذاکرات ہوئے اور امید ہے کہ آئندہ 3سال کے دوران ان ٹیموں کی بھی پاکستان آمد ہو گی۔ مجھے امید ہے کہ 2021 میں انگلینڈ اور 2022 میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ہماری 24-2023 تک نیوزی لینڈ سے کوئی سیریز شیڈول نہیں لیکن ہم نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ اب ہماری ٹیم اپنے تمام ہوم میچز پاکستان میں ہی کھیلے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران آسٹریلیا، انگلینڈ، آئرلینڈ کے کرکٹ آفیشلز کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔

تازہ ترین