• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے بھرپور کام کریں گے، ریچل ہوپکنز سارہ اووین

لوٹن (شہزاد علی )لوٹن حلقہ ساؤتھ سے لیبر پارلیمانی امیدوار ریچل ہوپکنز اور لوٹن حلقہ شمالی سے لیبر پارلیمانی امیدوار سارہ اووین نے کہا ہے کہ کشمیر کی صورتحال جہاں کشمیریوں کے لئے اذیت اور تکلیف کا باعث ہے وہیں ہمارے لئے بھی باعث تشویش ہے۔ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ میں کشمیر گروپ کا حصہ بننے کے ساتھ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے بھی کام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریستوران میں جموں و کشمیر تحریک حق خود اردیت کی جانب سے ان کے ساتھ منعقدہ کشمیر لابی پروگرام میں کیا۔ پروگراممیں لوٹن سے لیبر پارٹی کے امیدوارلوٹن نارتھ سے سارہ اووین اور لوٹن سائوتھ سے ریچل ہوپکنز نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ اس موقع پر کشمیر لابی کی صدارت چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی ۔ لیبر لوٹن کے پارلیمانی امیدواروں نے اعلان کیا کہ منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ میں کشمیر پارلیمنٹری گروپ کا حصہ بھی بنیں گے ۔ جنگ کو راجہ نجابت حسین کی جانب سے موصولہ ای میل کے مطابقت اس موقع پر دونوں امیدواران سارہ اووین اور ریچل ہوپکنزنے مشترکہ طور پر کہا کہ ان کی جانب سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت کی مستقبل کی سرگرمیوں میں شرکت کے علاوہ مکمل سپورٹ کی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرمین راجہ نجابت حسین نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر بارے بریفنگ دی اور کشمیر کے حوالے سے برطانیہ و یورپ میں تحریک حق خود ارادیت کی سرگرمیوں اور پروگرام کے بارے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جہاں جنوبی ایشیاء میں امن کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے وہیں یہ عالمی اداروں اور بین الاقوامی برداری کے کردار پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے ۔ بھارت نےمقبوضہ کشمیر میں چار ماہ سے کرفیو، لاک ڈائون کر کےمقبوضہ کشمیر کو ایک مکمل جیل میں تبدیل کر دیا ہے ۔خواتین ، بچوں ، بوڑھوں پر تشدد اور جوانوں کو چُن چُن کر شہید کیا جا رہا ہے ۔معصوم نوجوانوں اور بچوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کیا جا رہا ہے ۔ ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کیا گیا ہے جب کہ ستر سال سے زائد عرصہ سے کشمیری اپنے بنیادی حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر کشمیر لابی کانفرنس میں تحریک کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدا لرحمن خان ،میئر لوٹن کونسلر طاہر ملک ، سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار ، یوتھ کے چیئرمین ذیشان عارف ، نائلہ خان ، راجہ اعظم خان، کونسلرز سمیرا شاہد ، راجہ نوید خان ، آصف مسعود ، خدیجہ غوث ملک کے علاوہ شبیر ملک ، راجہ شاہد خان ، یعقوب حنیف ، محمد فاضل ضیا ، بشارت راجہ نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت نے پانچ نکاتی پٹیشن بھی پیش کی جس پر برطانیہ بھر سے امیدواروں سے دستخط کرائے جا رہے ہیں ۔ پٹیشن میں امیدواروں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ کشمیریوں کے بنیادی ، جمہوری حق رائے دہی کی حمایت کے ساتھ کشمیر کے حق میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے علاوہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کی جائے اور کشمیر کی آئینی و خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے اور کشمیریوں کے حق کو غصب کرنے کے خلاف آواز بلند کی جائے ۔ اس پٹیشن پر متعدد امیدواروں سے دستخط کے لئے تحریک حق خود ارادیت کی لابی مہم جاری ہے جب کہ اطلاع کے مطابق لوٹن لیبر پارلیمانی امیدواروں نے بھی اس پٹیشن کی حمایت کی ہے۔
تازہ ترین