• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی سطح پر اجاگر کرے، امجد بوبی

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) گیمبیا حکومت نے میانمار اور روہنگیا کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ پیش کرکے حق و صداقت کی آواز بلند کی ہے۔ ہمیں امید ہے عالمی عدالت انصاف برما حکومت کے خلاف فیصلہ دے گی۔برما حکومت نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے میانمار اور روہنگیا میں لاکھوں افراد کا قتل عام کیا۔ لاکھوں مسلمانوں کو ملک بدر کرتے ہوئے بنگلہ دیش میں جانے پر مجبور کیا جہاں وہ مہاجر کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ جہاں حقوق انسانی کی تنظیمیں ان کو خوراک و ضروریات مہیا کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے چیئرمین امجد امین بوبی نے کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان نیازی سے مطالبہ کیا کہ پاکستان گورنمنٹ بھی افریقی ملک گیمبیا کی طرح انسانی حقوق کے حوالے سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھائے۔ پاکستان پر قانونی و آئینی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی فورسز کے مظالم کو عالمی سطح پر اٹھائے۔ پاکستان ہی کشمیریوں کا بہترین وکیل ہے۔ بھارت اگر کلبھوشن یادیو کا مسئلہ عدالت انصاف میں لے جاسکتا ہے تو پاکستان بھی اس طرح کے عملی اقدامات اٹھائے کیونکہ بھارت نے پاکستان کے اندر ریاستی دہشت گردی کا نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے۔ امجد امین بوبی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر سیاسی و سفارتی و فود بیرون ملک بھیجیں تاکہ بھارت کی سیاسی و سفارتی لابی کو بے نقاب کیا جاسکے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کشمیر ہائوس کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین