• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیک اینڈ بیلنس کےنظام کومضبوط کیاجائے،چیف سیکرٹری

لاہور ( جنرل رپورٹر )چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان خان نے کہا ہے کہ پبلک سروس ڈلیوری بہتر نہ ہونے کی بنیادی وجہ نظام کی کمزوری ہے،صوبہ میں گورننس بہتر بنانے کیلئے چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو مضبوط کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں لاہور اور شیخوپورہ کے سول اور پولیس افسر ں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے افسران خلوص نیت سے بلا خوف و خطر اپنے فرائض سر انجام دیں، انہیں کام کرنے کی مکمل آزادی دی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے کہا کہ اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے سرکاری وسائل صرف جرائم کی روک تھام کیلئے استعمال ہونے چاہئیں۔ سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مسائل پیدا ہوتے ہیں،پولیس پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرالتوا مقدمات کی تعداد میں کمی لانا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے بعض افسروں کی کارکردگی نظر آنا شروع ہوگئی ہے، چائلڈ پورنوگرافی کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی گرفتاری سے مکمل گریز کیا جائے،پنجاب پولیس کو دستیاب وسائل کم ہیں لیکن اتنے کم نہیں کہ اسے عذر بنا لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انویسٹی گیشن کا معیار بہتر بنایا جائے، ایس ڈی پی اوز کے دفاتر اس طرح فعال نہیں جس طرح انہیں ہونا چا ہیے۔
تازہ ترین