• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیلاش قبیلے کے تاریخی تہوار چاوموس کو منانے کا فیصلہ

پشاور( وقائع نگار)سینئر صوبائی وزیر سیاحت ، ثقافت ، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان عاطف خان کی ہدایت پر کیلاش قبیلے کا تاریخی اور ثقافتی چاوموس تہوارکو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور تہوار کو بھر پور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، چاوموس فیسٹیول میں مختلف رسم و رواج اور تہوار منائے جاتے ہیں جبکہ اس کا اختتام 22دسمبر کی شام کو ہوگا، چاوموس فیسٹیول میں ہرسال کثیر تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح کیلاش قبیلے کا رخ کرتے ہیں ۔ چاوموس فیسٹیول میں منائے جانے والے تہواروں میں منڈاہیک اور شارا بیرایک کی رسم ادا کی جاتی ہے ،شارابیرایک رسم میں کیلاشی اپنے گھروں میں آٹے سے مختلف اشیاء جس میں مارخور، چرواہے، گائے ، اپنے بزرگوں کی نشانیاں اور دیگر مختلف چیزیں بناتے ہیں جس کو آگ میں پکانے کے بعد دھوپ میں رکھا جاتا ہے اور تیار ہوجانے کے بعد اس کو اپنے ہمسایوں میں تحفہ کے طور پر تقسیم کرتے ہیں اور منڈاہیک رسم میں کیلاشی قبیلے کے افراد ہاتھوں میں پائن درخت کی لکڑی میں آگ جلا کر پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہیں جو کے ان کے وفات پا جانے والے عزیزو اقارب کی یاد میں ہوتی ہیں ، ان کے مطابق یہ روشنی قبرستان میں نہیں کرتے جبکہ کمیونٹی ہال میں کرتے ہیں اور یہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ان کے وفات پا جانے والے رشتہ داراس روز ان کے خاندان اوران سے ملنے آتے ہیں ،اس فیسٹیول میں بون فائر کی رسم بھی منائی جاتی ہے ،اس تہوار میں قبیلے کے بچے اور بچیاں مقدس مقام پر جمع ہوتے ہیں اور پائن درختوں کی شاخیں اور لکڑیاں جمع کرتے ہیں جس کے بعد ان کے مابین بلند دھواں کرنے کے مقابلے ہوتے ہیں ، اس مقابلے کا مقصد آنے والے موسم سرما کیلئے امن ، خوشحالی ، معدنیات ، اچھی گھاس اور لوگوں کے درمیان اتحاد و محبت سمیت دیگر اچھی چیزوں کا پیغام دینا ہے ، یہ بچے اور بچیاں اپنے ہاتھوں میں چھوٹی چھوٹی پتیاں اٹھائے گانا گاتے اور مختلف رسمیں اداکرتے ہیں،گزشتہ سال ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان کی ہدایت پر کیلاش میں منعقدہ چاوموس فیسٹیول کیلئے کیلاس کی گلیوں اور سڑکوں کو چراغاں کرنے ،مختلف مقامات ، گلیوں ، چوراہوں، کمیونٹی سنٹر اور دیگر مقامات پر لائٹس کا انتظام بھی کیاتاکہ کیلاش کو آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں، گزشتہ روز چاوموس فیسٹیول میں بون فائر کا تہوار مکمل ہو گیا،اس تہوار میں قبیلے کے بچے اور بچیاں مقدس مقام پر جمع ہوئے اور پائن درختوں کی شاخیں اور لکڑیاں جمع کیں جس کے بعد ان کے مابین بلند دھواں کرنے کے مقابلے ہوئے ، 7دسمبر سے شروع ہونے والا کیلاش قبیلے کا منفرد چاوموس تہوار 22 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔
تازہ ترین