• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کی ضمانت حق کی فتح، بیرون ملک نہیں جائینگے، سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی ضمانت پر رہائی حق کی فتح ہے اور ہمیں امید ہے کہ 17دسمبر کو فریال ٹالپور کی درخواست ضمانت پر بھی عدلیہ میرٹ پر فیصلہ کرے گی، آصف علی زرداری کا بیرون ملک جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ، انہوں نے کہا لاہور میں وکلاءکی جانب سے اسپتال پر چڑھائی اور اس کے نتیجہ میں رپورٹ کے مطابق کچھ ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہیں وکلاءتنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس پر اپنی ذمہ داری پوری کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں کو آصف علی زرداری کی ضمانت پر رہائی کی خوشی میں صحافیوں کو مٹھائی کھلانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ آج میں تمام پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ اللہ کے فضل سے آصف علی زرداری کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی روز سے کہتے آئے ہیں کہ ضمانت ان کا حق ہے لیکن چونکہ وہ خود ضمانت نہیں لینا چاہتے تھے اور وہ عمران نیازی کی ان کو جیل میں رکھنے کی خواہش اور ان کو توڑنے کی کوشش کا جواب دے رہے تھے لیکن جب آصف علی زرداری کے اہل خانہ اور پارٹی کی جانب سے ان سے استدعا کی گئی تو انہوں نے ضمانت کی درخواست پر آمادگی ظاہر کی اور آج عدلیہ نے ان کی بیماری کو پیش نظر رکھتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ دیا اور انہیں ضمانت دی۔

تازہ ترین