• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، آصف علی زرداری کی  طبی بنیادوں پر ضمانت منظور


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین سے متعلق جعلی بنک اکاؤنٹس کے دو ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بھی طبی بنیادوں پر ایک ، ایک کروڑ روپے کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی ہے جبکہ نیب کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کی بہن فریال تالپور کی درخواست ضمانت کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب کے پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اور ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی پیش ہوئے جبکہ آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ سماعت کے موقع پر بلاول بھٹو ، آصفہ بھٹو اور سید قائم علی شاہ بھی عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت آصف علی زرداری کا طبی معائنہ کرنیوالے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

تازہ ترین