• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور واقعہ ، جوبھی ذمہ دارقرارپایا،کارروائی کرینگے،فردوس عاشق

ااسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور واقعہ پر 24 گھنٹوں میں ذمہ داروں کے تعین کیساتھ حقائق پر مبنی رپورٹ مانگ لی ہے ،ڈاکٹروں ،پیرامیڈیکل سٹاف ،وکلاءسمیت کوئی بھی طاقتور ذمہ دارقرار پایا تواسکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، آج قانون کے رکھوالے سسکتی ،تڑپتی انسانیت پر چڑھ دوڑے،ڈاکٹروں کو یرغمال بنانے ،طوفان بدتمیزی برپا کرنے ،صوبائی وزیرپر تشدد کر کے قانون کو پاؤں کے نیچے روندنا قابل مذمت ہے، حالت جنگ میں بھی ہسپتالوں پر بمباری نہیں کی جاتی، وہ جمعرات کی شام اے پی پی ایمپلائز یونین(سی بی اے ) کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلح افواج ،سکیورٹی فورسز ،میڈیا اور عوام کی لازوال قربانیوں سے پاکستان میں امن بحال ہوا ہے، انہی لازوال قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں عالمی ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ،سری لنکن ٹیم نے راولپنڈی کے گراؤنڈ میں اتر کر امن کی فتح کو دنیا کے سامنے فروغ دیا ۔ فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر اطلاعات کو مخصوص سوچ کے حامل وکلاءنے زدوکوب کرکے ثابت کر دیا ہے کہ کالے کوٹ میں بھی کالی بھیڑیں گھسی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ پڑھا لکھا شخص جو قانون دان ہے وہ قانون کا اسطرح کھلے عام مذاق نہیں اڑا سکتا،فیاض الحسن چوہان کو کالا کوٹ پہن کر گلو بٹوں نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ن لیگ کا وہ مائنڈ سیٹ جس نے کچہری میں وکلاءکو کالا کوٹ پہنا کر کالے کوٹ کی حرمت پامال کرنے کی کوشش کی ہے وہ بے نقاب ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کل ایک کلین مین پارلیمنٹ میں اپنی صفائیاں دینے میں نڈھال نظر آیا ،آڈٹ رپورٹ نے ایل این جی درآمد بارے حقیقی چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے ، 108ارب کی بے قاعدگیوں نے اس عمل کی نفی کر دی گئی ہے کہ ان کو کسی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،ساڑھے چار ارب سوئی گیس کے صارفین پر جو اضافی بوجھ ڈالا گیا ہے اورمہنگی گیس خریدنے مجبور ہیں اس کے پس پردہ بھی وہی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں ، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے طبی بنیادوں پر درخواست دی ،طبی بنیادوں پر ضمانت دینا عدالت کا اختیار ہے ،صحت کی صوتحارل دیکھتے ہوئے اجازت دی ہے ،نیب مدعی ہے ،اس کی اپیل کے حوالے سے ان کو فیصلہ کرنا ہے طبی بنیادوں پر عدالت ضمانت دیتی ہے ،حقائق اور صحت کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت دیکھے گی کہ ان کی پھرتیاں اسی طرح جاری رہتی ہیں یا سنجیدہ بیمار ہیں، یہ حقائق ثابت کرینگے ۔
تازہ ترین