• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20: پاکستان نمبر ایک ٹیم، بابر اعظم بدستور ٹاپ بیٹسمین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں بدستور تنزلی کا شکار ہے لیکن اس کی عالمی نمبر ایک ٹی20 رینکنگ بدستور برقرار ہے جبکہ بیٹنگ میں بابر اعظم بدستور دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہیں۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کے ہاتھوں پانچ مسلسل ٹی20 انٹر نیشنل میں شکست کے باوجود پاکستان 270 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے، صرف ایک پوائنٹ کے فرق کے ساتھ آسٹریلیا دوسرے، انگلینڈ تیسرے، جنوبی افریقا چوتھے اور بھارت کی پانچویں پوزیشن ہے۔ آل راؤنڈرز کیٹگری میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا جب کہ افغانستان کے محمد نبی پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے گلین میکسویل دوسرے اور سین ولیم تیسرے نمبر پر ہیں۔ جمعرات کو جاری ہونے والی عالمی آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بیٹنگ کی فہرست میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم پہلے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو چوتھے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے گلین میکس ویل پانچویںنمبر پر ہیں۔ بولروں کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر ہیں۔ جب کہ پاکستانی اسپنر عماد وسیم چوتھے اور شاداب خان آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

تازہ ترین