• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملٹن کینز میں ایک شخص کے قتل کے بعد پانچ افراد گرفتار

لندن (پی اے) ملٹن کینز میں ایک شخص کی چاقو زنی سے ہلاکت کے بعد پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ٹیمز ویلی پولیس اور سائوتھ سینٹرل ایمبولینس سروس کو ایچ 6 چائلڈ وے اور پیڈ سٹوو ایونیو کے درمیان وڈلینڈ ایریا میں طلب کیا گیا۔ جہاں مردوں کے گروپ میں جھگڑے کی رپورٹس ملی تھیں۔ جھگڑے کے دوران ایک شخص کو چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا گیا، جس کی عمر 20 سال سے زائد تھی، تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس کے لواحقین کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ آفیسرز کا کہنا ہے کہ اس قتل کے شبہ میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جو کہ پولیس کی کسٹڈی میں ہیں۔ ٹیمز ویلی پولیس میجر کرائم یونٹ کے ڈیٹیکٹیو انسپکٹر مائیک روڈی نے کہا کہ پولیس نے جائے واردات کا محاصرہ کر لیا اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ایریا میں جانے سے گریز کرے۔ پولیس کی انویسٹی گیشن ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ ہم اس واقعے کی مکمل انویسٹی گیشن کریں اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی عینی شاہد کے پاس اس افسوس ناک واقعے یا کسی مشکوک سرگرمی کے حوالے سے کوئی معلومات یا سی سی ٹی وی فوٹیج ہیں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس واقعے سے کمیونٹی میں تشویش پیدا ہوئی ہے، تاہم میں یقین دہانی کرواتا ہوں کہ میجر کرائم یونٹ نے اس واقعے کی بھرپور انویسٹی گیشن شروع کر دی ہے۔
تازہ ترین