• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختوخوا حکومت کا’’بس ریپڈ ٹرانزٹ‘‘ منصوبہ کی تحقیقات میں مکمل تعاون کااعلان

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختوخوا حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ایف آئی اے کو ’’بس ریپڈ ٹرانزٹ‘‘ منصوبہ کی تحقیقات میں مکمل تعاون اور قانون کے مطابق مدد فراہم کر نے کا اعلان کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کے 35 مختلف نوعیت کے سوالات سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن ایف آئی اے کو انکوائری سے روکنے نہیں بلکہ ہائی کورٹ کےسوالات پر اپنا موقف پیش کرنے کے لیے جمع کرارہے ہیں۔

پشاور ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے کو تحریک انصاف کے فلیگ شپ منصوبہ ’’ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ‘‘ کی تفصیلی انکوائری کرکے 45 دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ 

جس پر ایف آئی اے انکوائری کا باضابطہ آغاز کردیا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی منصوبہ کی انکوائری میں ایف آئی اے کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نہ صرف ایف آئی اے کی تحقیقات کو خوش آمدید کہتی ہے بلکہ قانون کے مطابق ہر قسم کی مدد بھی فراہم کرے گی۔

اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے’’ جنگ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا ہرگز مقصد ایف آئی کو بی آر ٹی کی انکوائری سے روکنا نہیں بلکہ رٹ کے ذریعے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف نوعیت کے35 سوالات پر اپنا موقف پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین