• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

زرداری رہا، آج کراچی کے اسپتال منتقل ہوں گے

زرداری رہا، آج کراچی کے اسپتال منتقل ہوں گے


اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ضمانت پر رہا کردیا گیا، انہیں کراچی منتقلی کی تیاریاں بھی مکمل ہوگئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو آج رات اسلام آباد سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کراچی لایا جائے گا۔

انہیں کلفٹن میں نجی اسپتال میں رکھا جائے گا، آصف زرداری کے میڈيکل بورڈ میں ادارہ امراض قلب کے سربراہ پروفیسر ندیم قمر سمیت 6 ماہرین شامل ہیں جو ان کی دیکھ بھال کریں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکے داخل ہونے پر سابق صدر کی رہائی کی روبکار جاری کی۔ روبکار جاری ہونے کے بعد آصف زرداری کو پمز اسپتال سے نیب حراست سے رہا کر دیا گیا جہاں سے وہ زرداری ہاؤس پہنچے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز ایک کروڑ کے مچلکے کے عوض پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیسز میں آصف زرداری کی ضمانت منظور کی تھی تاہم دستاویزات تیار کرنے میں تاخیر کی وجہ سے ان کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی تھی۔

آصف زرداری کے وکلا نے جمعرات کو احتساب عدالت میں ضمانتی دستاویزات جمع کرادیئے، ضابطے کی کارروائی کے بعد عدالت نے روبکار جاری کردیئے، روبکار جیل حکام کو پہنچانے کے بعد آصف زرداری کو رہا کردیا گیا۔

ضمانت پر رہائی کے بعد آصف زرداری کو کراچی منتقل کرنے کی تیاریاں بھی حتمی مرحلہ میں داخل ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین