• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پی ٹی آئی کورکمیٹی، جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ، مہنگائی کنٹرول کرنے پر اظہار اطمینان

پی ٹی آئی کورکمیٹی، مہنگائی کنٹرول کرنے پر اظہار اطمینان


اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کی کورکمیٹی نےپنجاب اور خیبرپختونخوامیں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کی بنائی گئی پالیسیوں پر کور کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے افہام و تفہیم سے کام لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کی بروقت تعیناتی کے حوالے سے بھی اپوزیشن کے ساتھ رابطے کیے جائیں‘ کورکمیٹی نے لاہور میں امراض قلب کے اسپتال میں وکلاء حملے کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ انسانیت کے مسیحا سفید کوٹ پہنے ہوئے ڈاکٹروں اور کالا کوٹ پہنے ہوئے قانون کے رکھوالوں کے درمیان ٹکراؤ کسی بھی طرح ملک کے معاشرتی نظام میں حوصلہ افزاء نہیں ہے۔

وفاق، صوبائی حکومتیں اور پی ٹی آئی وکلاء تنظیمیں ملکر ملک بھر کی بار کونسلز اور وکلاء تنظیموں کے ساتھ رابطے کرکے ایسے واقعات کے تدارک کے لئے حکمت عملی بنائی جائے، اس معاملے پر اعلی عدلیہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے، کور کمیٹی نے طبی بنیادوں پر ضمانت لیکر وکٹری کا نشان بناتے ہوئے جیلوں سے باہر آ کر اسپتال جانے کی بجائے گھروں کو جانے کو حسین اتفاق قرار دیا ہے، کورکمیٹی نے ہر سطح پر تنظیم سازی کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کی افادیت سے آگاہی کے لئے رابطہ عوام مہم شروع کرنے کی ہدایت دی۔

کور کمیٹی نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت لوٹی ہوئی دولت واپس لانے ،ذمہ داراروں کو سزائیں دلوانے، اداروں کو بااختیار بنانے اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، کورکمیٹی نے امید ظاہر کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے قائم پیدا ہوجائے گا‘مقررہ وقت تک ایسا نہ ہونے کے بعد حکومت اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔ 

جمعرات کی رات معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کور کمیٹی نے فی الفور پنجاب اور کے پی کے میں مقامی حکومتوں کا نیا نظام متعارف کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پی ٹی آئی کی تنظیم سازی اور عوام کو مقامی حکومتوں کے نظام سے ہونے والے فوائد سے آگاہ کرنے کے لئے عوامی اجتماعات منعقد کرنے کی ہدایت دی۔

تازہ ترین