• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اسپتال حملہ، عمران خان کا بھانجا بھی ملوث، FIR سے نام غائب

وزیراعظم کا بھانجا بھی پی آئی سی پر حملہ کرنے میں ملوث نکلا


لاہور (ایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان کا بھانجا بیرسٹر حسان نیازی بھی پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملہ کرنے میں ملوث نکلا‘ ویڈیو میں حسان نیازی کا چہرہ واضح نظر آنے کے باوجود نہ ایف آئی آر میں حسان نیازی کا نام شامل کیا گیا اور نہ ہی حراست میں لیا گیا۔

دوسری جانب حسان نیازی نے اپنے کئے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ویڈیوکلپ دیکھنے کے بعد انہیں خود پر شرم آرہی ہے جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دل کے اسپتال پر حملہ کرنے والے وکلا میں وزیراعظم کا بھانجا بھی شامل ہے اور وزیراعظم نے اس حوالے سے مذمت کی ہے‘وزیر اعظم کا رشتہ دار ہو یا کوئی بھی اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ 

ٹی وی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز وکلا ءنے دل کے اسپتال پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 مریض بروقت علاج نہ ملنے پر انتقال کرگئے تھے۔پی آئی سی پر حملہ کرنے والے وکلا کے جتھے میں عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی بھی شریک تھے۔

حسان نیازی حملہ آوروں کو اکساتے رہے، پتھر اور ڈنڈے مارنے والوں کا ساتھ دیتے رہےلیکن ویڈیو میں حسان نیازی کا چہرہ واضح نظر آنے کے باوجود نہ ایف آئی آر میں حسان نیازی کا نام شامل کیا گیا اور نہ ہی حراست میں لیا گیا۔ سب کچھ ہونے کے بعد حسان نیازی نے اپنے بیان میں کہاکہ ویڈیو کلپ دیکھ کرانہیں خود پر شرم آرہی ہے ‘یہ ایک قتل ہے۔

حسان نیازی نے کہا کہ متعلقہ ڈاکٹروں کے خلاف ان کا احتجاج اور سپورٹ محدود تھی اور اس احتجاج کی حمایت پر اپنی مذمت کرتا ہوں، کاش میں وہاں نہ ہوتا۔

دوسری جانب اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا بھانجا ہو یا کوئی اور، کوئی بھی قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔ 

لاہور واقعہ میں جو بھی ملوث ہو گا اسے کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم نے اس سے متعلق اپنا موقف بتا دیا ہے۔

تازہ ترین