• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پنڈی، برستے بادلوں میں کرکٹ کی رنگینیاں گم ہونے لگیں، تیسرا دن بھی ضائع

پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا دن بھی ضائع


راولپنڈی(جنگ نیوز)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانیوالا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے تیسرے دن کا کھیل بھی بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا۔ 3دن میں صرف 91.5اوورز کا کھیل ہو سکا۔برستے بادلوں میں کرکٹ کی رنگینیاں گم ہورہی ہیں۔ اسٹیڈیم میں آکر کرکٹ ایکشن سے لطف اندوز ہونے کے خواہش مند تماشائی بارش کے سبب بے مزہ ہوتے رہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیل آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، امپائرز نےساڑھے دس بجے پچ اور گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور کھانے کے وقفہ کے بعد میچ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دن 1:10پر سری لنکا نے اپنے دوسرے روز کی6وکٹوں پر263رنز کی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا ۔ اس دوران دھنن جایا ڈی سلوا نے اپنی انفرادی اسکور 72سے 87 تک پہنچایا۔ اس موقع پر دن 1:37پر امپائرز نے خراب روشنی کی وجہ کھیل روک دیا،اس وقت تک سری لنکا نے5.2اوورز میں اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کاا سکور میں مزید 19رنز کا اضافہ کیا۔سہ پہر 3:40پر امپائرز نے ایک بار پھر گراؤنڈ میں آکر روشنی کا جائزہ لیا اور کھیل کو 14دسمبر بروز ہفتہ تک کیلئے ملتوی کر دیا۔


اس وقت سر ی لنکن ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 282رنز بنائے تھے۔ وکٹ پر مختصر قیام کے دوران وہ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی بولنگ پر کچھ پریشان دکھائی دیے۔ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

تازہ ترین