• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بلوچستان، ایرانی تیل سے بھری وین بس سے ٹکرا گئی، 13افراد زندہ جل گئے

بلوچستان، ایرانی تیل سے بھری وین بس سے ٹکرا گئی، 13افراد زندہ جل گئے


کوئٹہ /قلات (این این آئی،اسٹاف رپورٹر ، نامہ نگار) کان مہترزئی میں ایرانی تیل سے لدی گاڑی اور مسافر بس میں تصادم کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے خاتون اور بچے سمیت13افراد جھلس کر جاں بحق ایک شخص زخمی ہوگیا، بس ڈی جی خان سے کوئٹہ آ رہی تھی۔

کان مہترزئی کے قریب تصادم کے بعد دونوں گاڑیاں کھائی میں جا گریں، حکومت بلوچستان نے سانحہ کان مہترزئی کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، جمعہ کی صبح پانچ بجے کے قریب ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ آنے والی مسافر بس مسلم باغ کے علاقے کان مہترزئی کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی ایرانی تیل سے لوڈ پک اپ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس اور گاڑی کھائی میں جاگریں اور دونوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بس اور گاڑی کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس میں سوار مسافر اور گاڑی میں سوار افراد موقع پر ہی جھلس گئے جبکہ ایک شخص معجزاتی طور پر زخمی حالت میں باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ ،پولیس، لیویز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ پہنچ گئیں تاہم ٹیموں کے پہنچنے تک دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوچکی تھیں ۔

تازہ ترین