• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

زلمے خلیل زاد کی وزیرخارجہ، آرمی چیف سے ملاقات، افغان امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

زلمے خلیل زاد کی وزیرخارجہ، آرمی چیف سے ملاقات، افغان امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف


اسلام آباد‘راولپنڈی(ایجنسیاں)امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات‘ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی جبکہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل اورطالبان سے مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا گیا ہے‘ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں‘ امریکا طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان مصالحت کےلئے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص جاری افغان مصالحتی عمل زیر غور آیا۔ امریکا کے پاکستان میں سفیر پاول ڈبلیو جونس بھی ملاقات میں موجود تھے۔

دریں اثنا ء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے، امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوزلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے اس موقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، ہمیں توقع ہے کہ امریکا طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔

تازہ ترین