• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کیخلاف جرائم کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان بنانیکا فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)بچوں کیخلاف جرائم کی موثر روک تھام کے لئے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے اوروزارتِ داخلہ میں نیشنل کرائم ڈیٹا بیس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیاہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت جمعہ کو اعلیٰ سطح اجلاس ہواجس میں بچوں کیخلاف جرائم کی موثر روک تھام کے لئے قومی سطح پر نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے اوروزارتِ داخلہ میں نیشنل کرائم ڈیٹا بیس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بچے معاشرے کے مستقبل کے خلاف جرائم اور خصوصاً معصوم بچوں کا جنسی استحصال پورے معاشرے کے لئے باعث شرم اور افسوس ناک ہے‘ بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ناصرف حکومت بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ 

وزیرِ اعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں خوفناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم مل کر کوشش کرے‘ پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے، پولیو کی وجہ سے ملک کا تشخص خراب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں انسداد پولیو کی قومی مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پانچ سال سے کم عمر بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ 

انہوں نے والدین بالخصوص ماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں‘ بدقسمتی سے پاکستان ان دو ملکوں میں شامل ہے جہاں آج بھی پولیو کا وائرس موجود ہے، یہ ہمارے لئے شرم کا باعث ہے۔

تازہ ترین