• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ اور لئی ایکسپریس وے کی ٹینڈرنگ 6سے 8ماہ میں مکمل ہو گی

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے، اپنے رپورٹر سے)عوامی اہمیت کے انتہائی اہم میگا پراجیکٹس راولپنڈی رنگ روڈ اور لئی ایکسپریس وے حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔ان منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا عمل جون سے اگست کے درمیان مکمل ہوگا، نالہ لئی ایکسپریس وے کی فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن کا ورک آرڈر نیسپاک کو جاری کر دیا گیا ہے۔آرڈی اے حکام کے مطابق ان دومیگا پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ آرڈی اے کمپلکس کو بھی کمرشل بنیادوں پر بنایا جائے گا، نالہ لئی ایکسپریس وے کی فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن کا وقت تو چھ ماہ کا ہے مگر نیسپاک ساڑھے تین ماہ میں یہ کام مکمل کر کے دیگا۔یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل ہو گا ۔ حکام کے مطابق موجودہ کمشنر راولپنڈی ان دونوں میگا پراجیکٹس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی ہیں وہ ان منصوبوں کوجلد شروع کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ادھر کمشنر کیپٹن (ر) محمد محمود نے آج ہفتہ کے روز لئی ایکسپریس وے اور راولپنڈی رنگ روڈ منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے کنسلٹنٹس سے بریفنگ مانگ لی ۔ اپنے رپورٹر سے کے مطابق راولپنڈی کے میگا پراجیکٹس کے بارے ہفتہ وار جائزہ اجلاس آج کمشنرراولپنڈی ڈویژن محمدمحمود کی زیر صدارت ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں رنگ روڈ، نالہ لئی ایکسپریس وے ،دادوچھا ڈیم،انسٹیٹیوٹ آف یورالواجی،30سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر،شجرکاری مہم،راولپنڈی میں200بستروں کے ہسپتال کےمنصوبوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ باخبر ذرائع کے مطابق جمعہ کو عسکری و سول حکام کے درمیان اجلاس ہوا ہے۔جس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف محکموں کے درمیان باہمی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں گرین اینڈ کلین منصوبے کے حوالے سے راولپنڈی میں درخت لگانے کیلئے جگہوں کی نشاندہی کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے۔
تازہ ترین