• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الماری کاسائز چھوٹا ہو یا بڑا، یہ ایک بہترین اسٹوریج ثابت ہوتی ہے۔ خواتین ہوںیا مر د، ہر کوئی اپنی پسند اور بجٹ کے مطابق لباس سے لے کر جوتوں تک تمام اشیا کی خریداری کرتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے جلد ہی الماری میں جگہ تنگ ہونے لگتی ہے۔ ہم دوران تعمیر کچن اور ڈریسنگ روم میں اسٹوریج کا خیال تو لازمی رکھتے ہیں لیکن الماری جیسی اہم اسٹوریج کو نظر انداز کردیتے ہیں۔ آج ہم اپنے مضمون میں چند ایسے آئیڈیاز پر بات کرنے جارہے ہیں جو زیادہ جگہ کے حصول کوپیش نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ آ پ ان ڈیزائن کو بآسانی اپنی الماری کا حصہ بناسکتے ہیں۔ بجٹ فرینڈلی ڈیزائن ہونے کے سبب یہ آپ کی جیب پر گراںبھی نہیں گزریں گے۔

دہرا ہینگنگ سسٹم

الماری کا سب سے اہم کام کپڑوں کی حفاظت ہے لیکن جگہ کی کمی کے باعث تمام ملبوسات سلیقے کے ساتھ تہہ کیے جانے کے باوجود ٹھنسے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ روایتی الماریاں سنگل ہینگنگ سسٹم کے ساتھ بنائی جاتی ہیں، لہٰذا جلد ہی جگہ کم پڑنے لگتی ہے۔اس مسئلہ کا حل یہ ہے کہ آپ اپنی الماری میں ایک کے بجائے دہرا ہینگنگ سسٹم بنوائیں۔ الماری اگرسنگل ڈور ہے تو درمیان میں اور اگر ڈبل ڈور (یا اس سے زائد) ہے توپھر اس کا ایک حصہ متعددہینگنگ سسٹم کے لیے مخصوص کیا جاسکتا ہے ۔ 

مختص کیے گئے حصے کو آپ پہلے دو برابر حصوں میں تقسیم کرلیں، اگر آپ چاہیں تودونوں جانب (عمودی رُخ بھی) الماری کو دو حصوں میں منقسم کرسکتے ہیں، اس طرح آپ کو مجموعی طورپر چار حصوں پر مشتمل الماری میسر آجائے گی، جہاں آپ سنگل ہینگنگ سسٹم سے چارگنا زیادہ کپڑے ہینگ کرسکتے ہیں۔

الماری کا دروازہ

عام طور پر الماری کے دروازوں پر ایک کھونٹی نصب ہوتی ہے، جہاں یاتو ٹائیاں اور ڈوپٹے یا پھر ضروری سامان ٹانگا جاتا ہے۔ کھونٹی کے علاوہ دروازے کی بقیہ جگہ یوں ہی بےکار ثابت ہوتی ہے۔آپ الماری میں زیادہ اسٹوریج کے لیےنچلے حصے پر ایک عدد اسٹینڈ (متعدد کھونٹیوں پرمشتمل) نصب کردیں۔آپ اس میں اپنے قیمتی جوتے یا دیگر چھوٹے سائز کا سامان رکھ سکتے ہیں۔

شیلف کا اضافہ

روایتی اور سادہ سی الماری کو اَپ ڈیٹ کرنے اور یہاں اپنی مرضی کے مطابق زیادہ جگہ حاصل کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ اس میں اضافی شیلف بھی بنواسکتے ہیں۔ اس کے لیے پہلےاس بات کا فیصلہ کریں کہ آپ کو الماری میں کتنے شیلف اور ہینگر کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کوکپڑوں اور تمام ضروری اشیا کو رکھنے کے لیے زیادہ جگہ درکار ہے تو زیادہ شیلف بنوائیں۔ یہ شیلف تہہ کیے جانے والے کپڑوں کے لیے بہترین ثابت ہوگی ۔

ٹیلی اسکوپنگ ہک

آجکل فینسی کپڑوں کو تہہ کرنے کے بجائے انہیں ہینگر میں لٹکا دیا جاتا ہے تاکہ وہ درست حالت میں سلوٹوں سے محفوظ رہیں۔ کپڑوں کو ٹانگنے کے لیے الماری میں اضافی جگہ کی ضرورت پڑتی ہے، اس مقصد کے لیے ٹیلی اسکوپنگ ہک بہترین انتخاب ہے ۔ 

یہ دوربین کی مانند اسٹیل کی ایک راڈ ہوتی ہے، جس میں سامنے کی طرف اسٹیل کا ہی ایک ہک لگاہوتا ہے۔ اس ہک پر آپ شرٹ،اسکارف ، کوٹ اور پینٹ وغیرہ ہینگ کرسکتے ہیں۔اس ہک کی خاص بات یہ ہے کہ جب اس کی ضرورت نہ ہو تو اسے بٹن یا پھر اسکرو کے ذریعے راڈ میں چھپایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے برانڈڈ کپڑے عام سے ہینگر میں اپنی شان کھورہے ہیں تو آپ اپنی الماری میںٹیلی اسکوپنگ ہک نصب کریں۔

ٹوکریوں کا استعمال

الماریوںمیں بڑے خانوں کے ساتھ چھوٹے چھوٹے خانے بھی بنوائیں تاکہ جو لباس لٹکانے کے نہ ہوں انھیں تہہ کرکے محفوظ کیا جاسکے۔ اگر خانے بنوانا جیب پر گراں گزرے تو کسی ایک خانے میں چھوٹی بڑی ٹوکریاں رکھ دیں۔ ان ٹوکریوں کی مدد سے آپ ایک ہی خانے کو کئی مقاصد کے لیے بآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔ مثلاًخانے کے سائزکو پیش نظر رکھتے ہوئے آپ ٹائی، بیلٹ، جِم کے کپڑے، سویٹر، اسکارف اور ہینڈ بیگ کے لیے ٹوکریاں رکھ سکتے ہیں۔ اس طرح یہ چیزیں بھی بکھرنے سے بچ جائیں گی اور خالی جگہیں بھی بُری نہیں لگیں گی۔

لیبل چسپاں کریں

لیبل کسی بھی چیز کو ڈھونڈنے کا عمل آسان بنادیتا ہے۔ آپ کارڈ بورڈ یا پیپر شیٹ کے ذریعےگھر پر ہی لیبل تیار کرسکتے ہیں، یہ آپ کی اسٹوریج باسکٹ کے لیے بھی بے حد مفید ہوتے ہیں۔ چونکہ باسکٹ کو عموماً الماری کے سب سے اوپر والے خانے میں فکس کیا جاتا ہے، لہٰذا ہم جلد ہی یہ بھول جاتے ہیں کو ن سی باسکٹ میں کیا سا سامان رکھا گیا تھا، الماری کو درست کرتے وقت اگر ان باسکٹ پر لیبل چسپاں کردیا جائے تو کئی ماہ بعد بھی کسی سامان کو ڈھونڈنا بے حد آسان ہوگا۔

تازہ ترین