• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

دادا اور بھائی کے قاتلوں کی دھمکیاں کمسن طالبعلم نے خود اسلحہ اٹھا لیا

کمسن طالبعلم نے اسلحہ اٹھا لیا


جھنگ (نمائندہ جنگ) جھنگ میں چھٹی جماعت کے طالبعلم نے اپنے داد اور بھائی کے قتل کے بعد ایک ماہ گزر جانے کے باوجود گرفتار نہ ہونے اور دھمکیاں ملنے پر پولیس پر عدم اعتماد کرتے ہوئے خود اسلحہ اٹھا لیا اور پستول سمیت اسکول جانے پر مجبور ہوگیا۔

تھانہ قادر پور کے علاقے موضع مزاری میں ایک ماہ قبل عطاء محمد اور اس کے نو سالہ پوتے اسامہ وحید کو دیرینہ دشمنی پر تین ملزم رب نواز، محمدفاروق اور مجاہد قتل کرکے فرار ہوگئے تھے۔ 

پولیس اور مقتولین کے لواحقین کے مطابق تینوں ملزم مختلف اضلاع کی پولیس کو قتل سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں مطلوب ہیں۔

ورثاء کے مطابق پولیس کی جانب سے ملزمان گرفتار نہ کئے جانے پر پورا خاندان عدم تحفظ کا شکار ہے اور اب مقتول اسامہ وحید کا بھائی امیر حمزہ جو کہ گورنمنٹ ہائی اسکول کوٹ عیسی شاہ میں چھٹی جماعت کا طالبعلم ہے اپنی جان کے خطرے کے پیش نظر اپنے تحفظ کے لیے اسلحہ ساتھ لیکر اسکول جانے پر مجبور ہے۔

بچے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکے دادا اور بھائی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے اس کے خاندان کو تحفظ دیا جائے۔

دوسری جانب ڈی پی او نے بچے کے اسلحہ سمیت اسکول جانے والی ویڈیو وائرل ہونے پر واقعہ کا نوٹس لیکر کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تازہ ترین