• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورس جانسن کی سابقہ بیوی بھارت کے معروف صحافی خشونت سنگھ کی بھتیجی

اسلام آباد( فاروق اقدس/ نامہ نگار خصوصی )برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی کامیابی پر بھارت میں ایک حلقہ کافی خوش ہے اور ان کی اسی خوشی کی وجہ یہ ہے کہ بورس جانسن کا بھارت سے خاص تعلق رہا ہے اور اس تعلق کی وجہ سے ایک وقت ایسا بھی تھا کہ جانسن نے خود کو ’بھارت کا داماد‘ قرا ردیا تھا۔دراصل انکی سابقہ بیوی میرینا کا تعلق بھارت سے ہے لیکن میرینا اور جانسن میں گزشتہ برس علیحدگی ہو گئی تھی اور دونوں کے درمیان طلاق کا مقدمہ چل رہا ہے۔ اس حوالے سے بورس جانسن کی بھارتی شخصیات سے ’’ذاتی وابستگی‘‘ کے کچھ دلچسپ واقعات بھی منظر عام پر آئے ہیں ،بورس جانسن کی مطلقہ میرینا بھارت کے معروف صحافی اور ادیب آنجہانی خوشونت سنگھ کی بھتیجی ہیں۔ میرینا کی والدہ دیپ سنگھ، جو ابھی حیات ہیں،کی شادی خوشونت سنگھ کے چھوٹے بھائی دل جیت سنگھ سے ہوئی۔ لیکن مختصر مدت کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی اور اس کے بعد دیپ سنگھ نے برطانوی صحافی سر چارلس وہیلر سے شادی کر لی۔ دیپ سنگھ کی بڑی بہن امرجیت سنگھ کی شادی بھی خوشونت فیملی میں ہی ہوئی۔ ان کی شادی خوشونت سنگھ کے بڑے بھائی بھگونت سنگھ کیساتھ ہوئی تھی یہ معاملہ یہیں ختم نہیں ہوتا ہے۔ اس کا ایک دلچسپ تعلق بالی ووڈ کے اداکارسیف علی خان سے بھی ہے۔ سیف علی خان کی سابقہ بیوی امریتا سنگھ بھگونت سنگھ کی بھتیجی ہیں۔یہ رشتہ خاصا پیچیدہ دکھائی دیتا ہے۔ لیکن ادیبہ ناومی دتہ نے اس پیچیدہ معمہ کو ٹوئٹر پر سہل انداز میں کچھ اس طرح بیان کیا ہے”بورس جانسن کی ساس نے خوشونت سنگھ کے سب سے چھوٹے بھائی سے شادی کی۔ ان کی بہن کی شادی خوشونت سنگھ کے بڑے بھائی سے ہوئی۔ ساس نے کسی دوسرے شخص سے شادی کر لی، جس سے دو بیٹیاں پیدا ہوئیں ان میں سے ایک میرینا کی شادی بورس جانسن سے ہوئی۔"میرینا کے ساتھ جانسن کی شادی 1993میں ہوئی تھی اور دونوں میں تقریباً پچیس برس تک میاں بیوی کا تعلق رہا۔ دونوں سے چار اولادیں ہیں۔ بورس جب بھی بھارت آتے تو اپنی اہلیہ کے رشتہ داروں کے پاس دہلی یا ممبئی میں قیام ضرور کرتے تھے۔’’بورس جانسن کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارک باد دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ”بورس جانسن کو بھاری اکثریت سے اقتدارمیں واپس لوٹنے پر مبارک باد۔ میری طرف سے انہیں نیک خواہشات۔ انڈیا۔یوکے کے قریبی تعلقات کیلئے ہم ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے‘‘  ۔

تازہ ترین