• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پنڈی، عابد کی ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو پر بھی سنچری، عالمی ریکارڈ قائم کردیا

پنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا


راولپنڈی (جنگ نیوز) پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ لیکن اتوار کا دن انٹرنیشنل کرکٹ میں امر ہوگیا۔ پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے اپنا نام ہمیشہ کیلئے ریکارڈ بکس میں درج کرالیا۔ وہ ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ یہ منفرد کارنامہ انجام دیینے والے وہ کرکٹ کی 150 سالہ تاریخ کے پہلے بیٹسمین ہیں ۔ اتوار کو تین روز سے میچ کی آس میں اسٹیڈیم آنے والے شائقین کی خوشیوں کی انتہانہ رہی جب میچ کا آغاز دیکھا۔ کھیل کا آغاز سری لنکا کی پہلی اننگز سے ہوا۔ مہمان ٹیم کے پیش نظر دھنن جایا ڈی سلوا کی سنچری سے زیادہ کچھ نہ تھا کیونکہ نتیجہ تو ڈرا ہی تھا۔آئی لینڈرز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 282 رنز 5 کھلاڑیوں پر کیا۔سری لنکا کے دھنن جیا ڈی سلوا 87 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پریرا اپنے انفرادی اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دھنن جایا نے جیسے ہی سنچری مکمل کی تو سری لنکا نے 6 پر 308 رنز بناکر اپنی اننگز ختم کر دی اور پاکستان کو بیٹنگ کا موقع دیا ۔ جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں آخری روز کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس اور عثمان شنواری کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عابد علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود صفر پر ایک ایسا شاٹ کھیل کر آؤٹ ہو گئے جس کا انہیں برسوں افسوس رہے گا۔ وہ ایک فل ٹاس گیند پر چندی مل کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ عابد علی اور کپتان اظہر علی پراعتماد انداز میں اسکور 90 تک لے گئے۔ تاہم اس موقع پر اظہر ایک پل شاٹ کی کوشش میں مڈوکٹ پر لہیرو کمارا کی گیند پر دیموتھ کونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 36رنز بنائے۔ ڈیبیو کرنے والے والے عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسہ جاری رکھا اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ دوسری جانب پاکستان کے ٹاپ بیٹسمین بابر اعظم نے شاندار اسٹروک پلے کا آغاز کردیا۔ وہ ابتدا سے جارحانہ کھیل رہے تھے اور ٹیسٹ اننگز کو ون ڈے میں تبدیل کر دیا۔ بابر نے اپنی تیسری ٹیسٹ سنچری 118 گیندوں پر مکمل کی۔ ان کی اننگز 14 چوکوں سے مزین تھی۔ پاکستان کا اسکور جب 252 پر پہنچا تو دونوں کپتانوں نے باہمی مشورے سے میچ ختم کردیا۔ عابد نے 109 اور بابر نے 102 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ عابد علی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے 13 ویں پاکستانی بیٹسمین ہیں۔انہوں نے ون ڈے ڈیبیو پر بھی آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنائی تھی۔عابد علی سے قبل یہ کارنامہ انگلینڈ کی خاتون بیٹر ایڈن بلیکویل انجام دے چکی ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان میں 10 برس ہونے والے پہلا کرکٹ ٹیسٹ خراب موسم سے شدید متاثر رہا اور پانچ دن کے کھیل میں مجموعی طور پر 167 اوورز ہی کرائے جاسکے جس میں آٹھ بیٹسمین آئوٹ ہوئے۔ پاکستان نے اس ڈرا ٹیسٹ کی بدولت آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر کھاتہ کھول لیا ہے۔ اسے 20 پوائنٹس ملے ہیں، اس کی پوزیشن ٹیبل پر چھٹی ہے۔ سری لنکن ٹیم تین میچز میں 80 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ سرفہرست بھارتی ٹیم اب تک 360 اور دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا216 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔

تازہ ترین