• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

یقین تھا محنت کا پھل ضرور ملے گا، عابدعلی، ریکارڈ سنچری بیٹی، کریڈٹ بابر کے نام

یقین تھا محنت کا پھل ضرور ملے گا، عابدعلی


کراچی (اسٹاف رپورٹر) سری لنکا کے خلاف ریکارڈ قائم کرنے والے بیٹسمین عابد علی نے کہا ہے کہ اپنی سنچری کا کریڈٹ بابر اعظم کو دیتا ہوں ۔ میچ کے بعد پنڈی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہا اس کار کردگی پر اللّٰه تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں،سنچری والدین اور مداحوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، میں اپنی سنچری کو بیٹی کے نام کرتا ہوں،کافی عرصے سے سخت محنت کر رہا تھا اور اچھے وقت کا منتظر تھا۔ انہوں نے کہا کہ سنچری کے قریب پہنچنے پر میں تناؤ کا شکار تھا لیکن میں بابر اعظم کو کریڈٹ دیتا ہوں جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ آرام سے کھیلو ، سنچری کے لیے آپ کو وقت مل جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیم کے تمام اراکین، کوچنگ اسٹاف اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب لوگوں نے مجھے اعتماد بخشا۔ 

عابد علی کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر 10سال بعد کرکٹ کی واپسی کے موقع پر سنچری اسکور کرنے پر میں جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے ۔کوشش کروں گازیادہ سے زیادہ اچھی کارکردگی دکھاتا رہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی کپ سے فارغ ہو کر این سی اے میں پریکٹس کرتا رہا، ہم نے میچ سے قبل باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی، میں محنت کرتا رہا تھا اور مجھے اللّٰه تعالیٰ پر پورا یقین تھا کہ مجھے میری محنت کا صلہ ملے گا، اعزاز کی بات ہے کہ پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی ۔ جونیئر کھلاڑیوں کو محنت کرنی چاہیے ،ایک دن ان کی محنت رنگ لائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، حارث سہیل اور اسد شفیق سے بہت کچھ سیکھا، مصباح الحق کی کوچنگ میں ٹیم کا مورال بلند اور بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ دس سال بعد ٹیسٹ میچ کے انعقاد پر پی سی بی اور سری لنکا کا شکریہ اداکرتا ہوں۔عابد علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ،دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیلیں۔

تازہ ترین