• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لائسنس فیس کی عدم ادائیگی غیرمجرمانہ عمل قرار پا سکتی ہے

لندن (پی اے) رپورٹس کے مطابق لائسنس فیس کی عدم ادائیگی غیرمجرمانہ عمل قرار پا سکتی ہے۔ سنڈے ٹیلی گراف نے بتایا ہے کہ بورس جانسن اس معاملہ پر مشاورت کر رہے ہیں کہ کیا ٹیلی ویژن یا بی بی سی کی آئی پلیئر کیچ اپ سروس دیکھنے کیلئے 154.50 پونڈز کی فیس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔ یہ معاملہ ڈائوننگ سٹریٹ کی جانب سے بی بی سی ریڈیو کے ٹوڈے پروگرام میں شرکت سے انکار کے بعد سامنے آیا، کیونکہ انہیں یقین ہے کہ یہ تعصب کی حمایت ہوگی۔ گزشتہ مالی سال میں 25.8 ملین گھرانوں کی جانب سے ٹی وی لائسنس حاصل کرنے کے باعث بی بی سی کو 3.6 بلین پونڈز حاصل ہوئے تھے۔ نظر ثانی کے نتیجے میں ٹی وی لائسنس فیس کی عدم ادائیگی پر موجودہ کرمنل سزائوں کی جگہ جرمانوں کا سول سسٹم لاگو کرنے کی سفارشات دی جا سکتی ہیں۔ گزشتہ ہفتہ عام انتخابات سے قبل بورس جانسن نے کہا تھا کہ وہ بی بی سی لائسنس فیس کو قطعی طور پر ختم کرنےپر غور کر رہے ہیں۔ موجودہ رائل چارٹر، جو کہ بی بی سی چلانے کیلئے قائم کیا گیا تھا، وہ دسمبر2027 تک نافذ رہے گا۔ تاہم بی بی سی کے ایک ترجمان کے مطابق حکومت نے اس معاملہ کا گہرائی تک جائزہ لینے کیلئے پہلے ہی ایک کیو سی قائم کر دی ہے اور وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کرمنل ڈیٹرنس اور پراسیکیوشن کا موجودہ سسٹم برقرار رکھا جائے۔
تازہ ترین