• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نہ کبھی جنگ کی حامی تھی اور نہ ہی کبھی ہوں گی، پریانکا چوپڑا

بھارتی اداکار و اقوام متحدہ کی سفیر برائے خیر سگالی پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ نہ تو کبھی جنگ کی حامی تھیں اور نہ ہی کبھی مستقبل میں ہوں گی۔

گزشتہ دِنوں بھارتی اداکارہ و اقوام متحدہ کی سفیر برائے خیر سگالی پریانکا چوپڑا نے ایک امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو دیا تھا جس میں اُن سے مختلف سوال پوچھے گئے تھے۔

جب پریانکا چوپڑا سے اُن کے اُس ٹوئٹ کے بارے میں پوچھا گیا جس میں اُنہوں نے جنگ کی حمایت کی تھی تو اِس پر پریانکا چوپڑا نے کہا کہ ’سب سے پہلے تو مجھے ایسا لگتا ہے اِس موضوع پر بات کرنےکا یہ مناسب وقت نہیں ہے، دوسری بات یہ ہے کہ یہ میری بدقسمتی ہے کہ میرے ٹوئٹ پر بہت ہنگامہ کیا گیا اور مجھے بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور تیسری بات یہ ہے کہ میں نے نہ تو کبھی جنگ کی حمایت کی تھی اور نہ ہی میں کبھی مستقبل میں کبھی کروں گی۔‘

پریانکا چوپڑا نے کہا کہ ’میرے گزشتہ سالوں کے کام کو دیکھا جائے تو آپ سب کو یقین آجائے گا میں کبھی جنگ کی حمایت نہیں کر سکتی ۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’جنگ ایک ایسی چیز ہے جو کسی کو پسند نہیں ہے، میں ایک محب وطن ضرور ہوں لیکن جنگ کی حامی نہیں ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے افسوس ہےکہ میری وجہ سے اُن لوگوں کے جذبات کو تکلیف ہوئی ہے جو مجھ سے محبت کرتے ہیں۔‘

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ہم فن کار نہ تو قانون ساز ہیں اور نہ ہی ہم ملک کی حکومت کے سربراہ ہیں جو ہم تبدیلی لے کر آئیں گے لیکن ایک اہم شخصیت ہونے کی حیثیت سے ہم کوشش کرسکتے ہیں کہ ہم انسانیت کی بھلائی کے لیے ایسے کام کریں جن سے لوگ ہم سے مُتاثر ہوں، کیونکہ ہمارے مداح ہمارے کام کو دیکھ کر ہمیں فالو کرتے ہیں اور خود بھی پھر وہ ہی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت کی کشیدہ صورتحال پر پریانکا چوپڑا نے بھارتی فوج کی حمایت کی تھی اور ٹوئٹ کیا تھا جس میں اُنہوں نے جے ہند کا نعرہ لگایا تھا اور ساتھ ہی ہیش ٹیگ IndianArmedForces بھی لکھا تھا۔

پریانکا چوپڑا کے اِس ٹوئٹ کے بعد رواں سال 12 اگست کو لاس اینجلس میں ایک تقریب کے دوران پاکستان نژاد خاتون عائشہ ملک نے اداکارہ سے اُس ٹوئٹ کے بارے میں سوال کیا تھا جس پر پریانکا چوپڑا نے اُس خاتون کو جھاڑ دیا تھا۔

تازہ ترین