• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابو ظہبی میں عالمی رواداری کانفرنس کا انعقاد

شیخ نہیان بن مبارک الہینان وزیر رواداری یو اے ای نے کہا ہے کہ عالمی یوم رواداری عالمی سطح پر انسانی فہم اور انسانی زندگی کے احترام کی اہمیت کی یاد دہانی کے لئے ایک اہم دن ہے ہم بار بار نسلی ، مذہبی، ثقافتی اور قومی تنازعات کے بارے میں سنتے چلے آرہے ہیں، عدم برداشت کے یہ رویے مل جل کررہنے والوں کے لئے خطرہ ہیں۔ رواداری کا مقصد ہے کہ صرف سوچنے اور مل کر کام کرنے سے ہی ہم اجتماعی طور پر ایک پرامن اور خوشحال عالمی معاشرے کے قیام کے نظریے تک پہنچ سکتے ہیں۔ 

ابو ظہبی میں عالمی رواداری کانفرنس کا انعقاد
ابوظہبی،عالمی روادری کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری خطاب کررہے ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ابوظہبی میں منعقدہ عالمی کانفرنس ’’رواداری کے فروغ میں مذہب کا کردار‘‘ میں کیا، کانفرنس میں پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری، نائیجریا کے نائب صدر یامی آسن بوجا، رابطہ اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی ،مصر کے وزیر اوقاف محمد مختار گوما نے بھی اظہار خیال کیا۔

مفتی اعظم مصر ،یواے ای میں پاکستان کے سفیر غلام دستگیر کے علاوہ دیگر عالمی راہنما بھی شریک ہوئے۔ کانفرنس کا انعقاد یو اے ای کی فتویٰ کونسل اور مسلم معاشروں میں قیام امن فورم نے کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ دنیا میں رواداری کے فروغ میں چیئرمین قیام امن فورم شیخ عبداللہ بن ہیلاجی کے کردار کو تادیر تک یاد رکھا جائے گا ۔ جنہوں نے رواداری کے درس کو پھیلانے کے لئے پوری دنیا کو اکھٹا کیا۔پاکستان نے اس سلسلہ میں بہت سے اقدامات کئے ہیں،جس میں سرفہرست کرتارپورراہدری کاقیام ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ44کلو میٹر لمبی راہداری کی بدولت صرف ہندوستان بلکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں مقیم سکھ مذہب کے پیروکاروں کے دل جیت لیے۔پاکستان کے گردوارہ کرتار پور کے دروازے کھول کر پوری دنیا کوامن اور رواداری کا پیغام دیا ۔اس طرح پاکستان میں بدھ مت مذہب کے مقدس مقامات کی بحالی اور تزئین وآرائش کے کام کے آغاز سے مذہبی سیاحت کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے تعارفی خطاب کیا ۔ یو اے ای فتویٰ کونسل اور مسلم معاشرے میں قیام امن فورم کے چیئرمین شیخ عبداللہ نے اس کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں سرکاری مندوبین کے علاوہ دنیا بھر سے آئے ہوئے جید علما، مفتیان کرام اور مشائخ علما نے شرکت کی ۔

متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی خوشی میں جہاں یو اے ای میں بڑے پیمانے پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا، وہاں برادر ممالک بحرین ،عمان اور پاکستان کی ہاکی ٹیموں کے درمیان ایک بین الاقوامی جشن آزادی یو اے ای کپ کا اہتمام یونائینڈ ایمریٹس کلب کے تعاون سے ملکی وبین الاقوامی کلبوں کی ٹیموں کے درمیان منعقد کیا گیا ۔

عمان ویٹرن نے کامیابی حاصل کرکے جشن آزادی کپ اپنے نام کرلیا، ٹورنا منٹ کے مہمان خصوصی راجہ شاہد اقبال اور حبو نیدر سنگھ تھے، جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ ایمپائرنگ کے فرائض احمد الصالخ، صفدر چیمہ، محمد فاروق فیصل اور ارشد نذیر نے انجام دیئے۔ ٹورنامنٹ کی کامیابی پر وائس کیپٹن صفدر چیمہ نے چیئرمینUEHCاحمد الصالغ کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔تقریب میں شریک مہمانوں نے2019کو متحدہ عرب امارات کا رواداری سال کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا ۔ 

رواداری گروپ کے چیئرمین چوہدری عبدالحمید یو اے ای میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، ان کی خدمات کا ہرکوئی معترف ہے، خصوصاً ہاکی کے لئے ان کی خدمات گراں قدر ہیں، انہیں بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ راوی گروپ کی جانب سے کیک بھی کاٹا گیا، کھلاڑیوں میں پرچم اور اسٹیکر بھی تقسیم کئے گئے ،یو اے ای کے قومی ترانے کے ساتھ تقریب اختتام کو پہنچی۔

تازہ ترین