• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں میں ہونٹوں کو پھٹنے سے کیسے بچائیں؟

موسم سرما جہاں اپنے ساتھ ٹھنڈ لے کر آتا ہے وہیں یہ موسم اپنے ساتھ خُشکی بھی لے کر آتا ہےجس کی وجہ سے ہمارے ہاتھ پاؤں کے ساتھ ہی ہمارے ہونٹ بھی خُشک ہوجاتے ہیں، پھٹنے لگتے ہیں اور اُن پر چاہے کتنی بھی  چپ اسٹک لگا لی جائے وہ صرف وقتی طور پر فائدہ دیتے ہیں اور کُچھ دیر کے بعد دوبارہ پہلے والی حالت میں آجاتے ہیں۔


سردیوں میں  ہونٹوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جاسکتا ہے، کچھ گھریلو نسخے ایسے بھی ہیں جو آپ کے ہونٹوں کو نرم و ملائم اور گلابی رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

ہونٹوں کی خوبصورتی کے لیے گھریلو نسخے:

پیٹرولیم جیلی اور تیل:

پیٹرولیم جیلی، بادام اور ناریل کا تیل سردیوں میں آپ کے بہترین دوست ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ یہ آپ کے خراب ہونٹوں کو خوبصورت اور نرم بنانے میں آپ کی مدد کریں گے۔

سردیوں میں ہونٹوں کی خوبصورتی کے لیے ضروری ہے کہ آپ روزانہ باقاعدگی سے اپنے ہونٹوں پر پیٹرولیم جیلی، بادام کا تیل یا ناریل کا تیل لگائیں، اِس سے آپ کے خُشک ہونٹ نرم و ملائم ہوجائیں گے اور ساتھ ہی آپ کے ہونٹوں کا رنگ گلابی ہوجائے گا۔

ایلو ویرا:

ایلو ویرا قُدرت کی طرف سے ایک ایسا تحفہ ہے جس میں بہت سے فوائد پائے جاتے ہیں پھر چاہے وہ چہرے کی خوبصورتی کے لیے ہو یا پھر بالوں کی اچھی صحت کے لیے ہو۔ اِن سب فوائد کے علاوہ ایلو ویرا میں ایک اور فائدہ بھی پایا جاتا ہے جو آپ کے ہونٹوں کے لیے مفید ہے۔

اگر آپ اپنے ہونٹوں کو حسین اور نرم بنانا چاہتے ہیں تو روزانہ دِن میں دو بار اپنے ہونٹوں پر ایلوویرا لگائیں اِس سے آپ کے ہونٹوں کی خُشکی بھی ختم ہوجائے گی اور آپ کے ہونٹ نرم بھی رہیں گے۔

وٹامن ای :

وٹامن ای کے کیپسولز باآسانی مارکیٹ میں مل جاتے ہیں اور اِن کو بالوں کے لیے اور چہرے کی خوبصورتی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ وٹامن ای کے بہت سے فوائد ہوتے ہیں جو ہمارے لیے بےحد مفید ہیں۔

ہونٹوں کے لیے وٹامن ای کے کیپسولز کو استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ کیپسول کو توڑ کر اُس کے اندر سے تیل نکال کر اپنے ہونٹوں پر لگائیں اِس سے آپ کے ہونٹ نرم اور گلابی ہوجائیں گے لیکن شرط یہ ہے کہ یہ عمل روزانہ دِن میں دو مرتبہ کرنا ہے۔

ہونٹوں کے لیےگھر میں بام بنائیں:

بعض اوقات مارکیٹ میں ملنے والے لِپ بام ہمارے ہونٹوں کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوتے ہیں جس سے ہمارے ہونٹوں کی جلد مُتاثر ہوتی ہے، ہونٹوں کی جلد کو خوبصورت رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ گھر میں خود اپنے لیے لِپ بام بنالیں۔

لِپ بام کے اجزاء:

2 کھانے کے چمچ ناریل کا تیل

آدھا کھانے کا چمچ مکھن

1 کھانے کا چمچ موم

10 قطرے وٹامن ای کا تیل

10 قطرے Essentail Oil

لِپ بام بنانے کا طریقہ:

ایک کانچ کا بال لے کر اُس میں ناریل کا تیل، مکھن اور موم ڈال کر مکس کریں اور پھر اِس آمیزے کو گرم کرلیں، جب یہ آمیزہ تیار ہوجائے تو اُس کو کچھ دیر کے لیے ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں اور اُس کے بعد بقیہ اجزاء اِس آمیزے میں شامل کرکے مِکس کرلیں۔

اِس طرح گھر میں ہی باآسانی آپ کا لِپ بام تیار ہوجائے گا۔

تازہ ترین