• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آشیانہ اقبال ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر شہباز شریف کو پیش ہونے کا آخری موقع

آشیانہ اقبال ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر شہباز شریف کو پیش ہونے کا آخری موقع 


لاہور (نمائندہ جنگ، آن لائن، اے پی پی) احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر شہباز شریف کو آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بیرون ملک جانے کیلئے پاسپورٹ واپسی کیس کی سماعت 26دسمبر تک ملتوی کر دی۔ 

دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ضمانت کی مدت ختم ہونے پر معیاد بڑھانے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخواست دیدی ہے۔ جس پر غور کیلئے پنجاب حکومت نے چار رکنی کمیٹی بنا دی۔ 

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو 7 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت کی۔ 

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے آشیانہ اقبال کیلئے 61 کروڑ روپے جمع کروائے، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 20 جنوری 2015 کو معاہدہ کیا، تین سال گزر جانے کے باوجود منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 64 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد رقم کا نقصان اٹھانا پڑا۔

تازہ ترین