• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ملالہ اکیسویں صدی کی دوسری دہائی کی مقبول ترین نوجوان قرار

ملالہ اکیسویں صدی کی دوسری دہائی کی مقبول ترین نوجوان قرار


اقوام متحدہ (یو این) کے ایک جائزے کے مطابق کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی اکیسویں صدی کی دوسری دہائی کی مقبول ترین نوجوان بن گئیں۔

اقوام متحدہ کی نیوز سروس نے اپنے ایک جائزے میں اکیسویں صدی کے نوجوانوں سے متعلق کچھ اہم واقعات کا تذکرہ کیا ہے۔

جائزے میں لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلے میں ملالہ کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔

اس جائزے میں ملالہ پر قاتلانہ حملے سے لے کر عالمی اعزازت کے حصول تک کا ذکر کیا گیا ہے۔

جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپنی کم عمری سے ہی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں بولنے کی وجہ سے مشہور ہیں، جنہوں نے اپنے علاقے (سوات) میں طالبان کے ظلم کو بھی نمایاں کیا تھا۔

اس میں کہا گیا کہ ملالہ یوسف زئی سوات میں پیدا ہوئیں اور وہیں تعلیم حاصل کی، تاہم اکتوبر 2012 میں جب وہ اپنی اسکول بس پر سوار ہوکر اسکول جارہی تھیں تو دہشت گردوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔

اس حملے میں وہ شدید زخمی ہوئیں اور علاج کی غرض سے انہیں بیرون ملک منتقل کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملالہ کو بطور سماجی کارکن شہرت ان پر قاتلانہ حملے کے بعد ملی۔

بعد ازاں انہوں نے بین الاقوامی سطح پر مختلف اعزازات اپنے نام کیے جن میں 2014 میں ملنے والا امن کا نوبیل انعام بھی ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس ہی معروف امریکی فیشن میگزین ’ٹین ووگ‘ نے ملالہ یوسف زئی کو اپنے میگزین کے سر ورق کی زینت بناتے ہوئے انہیں سال اور دہائی کا بہترین نوجوان قرار دیا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین