• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی این جی اسٹیشنز آج شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے


کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے، سی این جی اسٹیشنز صبح 7 بجے 12 گھنٹے کے لیے کھولے گئے ہیں۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق سی این جی اسٹیشنز آج شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں 25 گھنٹے کے وقفے کے بعد سی این جی اسٹیشنز کھلے ہیں۔

طویل بندش کی وجہ سے کراچی میں شدید سردی کے باوجود سی این جی اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

سی این جی اسٹیشنوں پر لائنوں میں لگے افراد کا کہنا ہے کہ سی این جی کی بندش سے فاقوں پر مجبور ہیں۔

ملک کے اکثر شہروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گیس لوڈ شیڈنگ سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

ملتان میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، گھریلو صارفین کو گیس دستیاب نہیں، جن علاقوں میں دستیاب ہے وہاں پریشر کم ہونے کے باعث کھانا بنانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

فیصل آباد کے اکثر علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی وجہ سے لوگ لکڑی کے استعمال پر مجبور ہو گئے ہیں۔

گوجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، بہاول نگر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی شہریوں کو گیس لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ میں سی این جی کی نئی قیمت 123 روپے مقرر

حیدر آباد کے بیشتر علاقوں میں صارفین کو صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک گیس پریشر میں کمی کا سامنا رہتا ہے، شہری گیس سلنڈر استعمال کرنے یا بازار سے کھانا خریدنے پر مجبور ہیں۔

سکھر اور گرد و نواح میں بھی 12 سے 14 گھنٹے تک گیس کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، گیس پریشر بڑھانے کے لیے لوگ اسٹیبلائزر اور کمپریسر کا استعمال کر رہے ہیں۔

جیکب آباد، شکار پور اور کشمور میں سردی میں اضافہ ہوتے ہی گیس کا پریشر کم ہو گیا ہے۔

سوات میں بڑھتی سردی کے ساتھ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی گیس کی کمی کے باعث صارفین مشکلات کا شکار ہیں۔

تازہ ترین