پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کےسینئر نائب صدر سید کفایت حسین نقوی نے کہا ہے کہ 2020 میں بلال بھٹو زرداری ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ بے نظیر بھٹو شہید کی 12ویں برسی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لیاقت باغ جلسہ نے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں، اور یہ اندازہ ہوگیا ہے کہ عوام پی پی پی کے ساتھ ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی فرانس کے صدر چوہدری عبدالرزاق ڈھل بنگش کے بیٹے رضی الحسن رزاق ڈھل کی جانب سے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی بارہویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جس میں پارٹی کارکنان، سیاسی و سماجی رہنمائوں اور علما سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔
محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جیو نیوز فرانس کے کیمرہ مین کامران حنیف کے والد مرحوم کے ایصال ثواب کے لیئے سورہ یاسین کی تلاوت اور مرحومین کی مغفرت اور بلند درجات کے لیئے دعا کی گئی۔
پروگرام کی صدارت پاکستان پیپلزپارٹی فرانس کے سینئر نائب صدر سید کفایت حسین نقوی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض پیپلزپارٹی فرانس کے جنرل سیکرٹری پرویز صدیقی نے انجام دیئے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مرزا فیصل نے حاصل کی۔
ادارہ منہاج القران فرانس کی سینئر رہنما اور صف اول کی نعت خواں محترمہ ستارہ ملک اور حافظ محمد معظم نے ہادی بر حق محمد مصطفی صلٰی اللہ علیہ وسلم کے حضور اپنی خوبصورت اور پرسوز آواز میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
بعدازاں پاکستان پیپلزپارٹی یوتھ ونگ فرانس کے صدر راو عارف ندیم، نواز تارڑ، رضی الالحسن رزاق ڈھل، مرزا عتیق، پیپلزپارٹی ویمن ونگ فرانس کی صدر روحی بانو اور پیپلزپارٹی فرانس کے سینئر نائب صدر سید کفایت حسین نقوی نے زبردست پیرائے میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کا احاطہ کیا اور ان کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کا اعادہ کیا۔
آخر میں پاکستان کی سالمیت و خوشحالی کے لیئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر پنڈال میں موجود کارکنوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے حوالے سے زور دار نعرے لگائے۔ تقریب کا اختتام پرتکلف عشائیے کے ساتھ ہوا۔