• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارتی حکام سنگاپور سے تعلقات میں اضافے کیلئے کردار ادا کریں، رہنما پی ٹی آئی

میانوالی سے رکن قومی اسمبلی اور ڈیفنس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ سنگا پور بلیو اکانومی میں ترقی کرنے والے چند اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے سفارتی حکام سنگاپور کے ساتھ بحری تجارت سمیت دیگر معاشی شعبوں میں تعلقات میں اضافے کے لیے کردار ادا کریں۔

یہ بات امجد خان نیازی نے سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضال سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

امجد نیازی نے کہا کہ سنگاپور جس کی آبادی صرف چھپن لاکھ افراد پر مشتمل ہے جبکہ رقبے میں لاہور سے بھی ڈھائی گنا چھوٹا ہے لیکن یہاں کے ذرمبادلہ کے ذخائر 280 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہیں یہاں کی درامدآت اور برآمدات کا حجم 780 ارب امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے اور یہاں کا سالانہ بجٹ ہی 80 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام چیزیں پاکستان جیسے ملک کے لیے ایک مثال اور رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا وژن ہے کہ پاکستان کے لیے نیا سال معاشی ترقی کا سال بنانا ہے، لہٰذا پوری قوم کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

امجد خان نیازی نے شپنگ کے شعبے کی معروف کاروباری شخصیت عبدالطیف صدیقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عبد الطیف صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان میں شپنگ سیکٹر کی تجدید کا بہترین منصوبہ پیش کیا تھا جس کی وزیر اعظم نے بھرپور تعریف بھی کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں شپنگ سیکٹر میں تجدید کے لیے عبدالطیف صدیقی اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضال نے کہا کہ سنگاپور دنیا کی ایک بڑی معیشت ہے اور ہمارے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ان کی یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان اور سنگاپور کے معاشی و تجارتی تعلقات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی زرعی اجناس جس میں پاکستانی پھل اور چاول  کو سنگاپور میں پاکستانی برانڈ کے ساتھ متعارف کروانے کی کوششیں کی ہیں۔

رخسانہ افضال کا کہنا تھا کہ ایسی اطلاعات ملی تھیں کہ پاکستانی اشیاء یہاں منگوا کر میڈ ان انڈیا کے نام سے فروخت کی جاتی ہیں جس کے لیے ہم کوششیں کر رہے ہیں کہ اب پاکستانی اشیاء پاکستان کے نام سے ہی متعارف کروائی جاسکیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ باوجود اس کے کہ یہاں بھارتی لابی بہت مضبوط ہے لیکن پاکستانی اشیا اپنے بہترین معیار سے اپنا مقام بنا سکتی ہیں، جبکہ وزیراعظم عمران خان یہاں بہت مشہور ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ عنقریب وزیراعظم کے دورہ سنگاپور کا اہتمام کیا جاسکے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گرمجوشی پیدا ہو۔

رخسانہ افضال نے کمیونٹی تقریبات اور پاکستانی کاروبار کو سنگاپور میں فروغ دینے پر عبدالطیف صدیقی سمیت پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات کی تعریف کی۔

تازہ ترین