• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ سال آدھی آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا، ڈاکٹر ظفر مرزا

آئندہ سال آدھی آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا، ڈاکٹر ظفر مرزا


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ 2020ء کے آخر تک پاکستان کی آدھی آبادی کے پاس صحت انصاف کارڈ ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ اس وقت 84 اضلاع میں جاری ہے، 300 سے زائد پبلک اور پرائیویٹ اسپتال صحت انصاف کارڈ کے پینل پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت 68 لاکھ غریب خاندانوں کو صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولیات میسر ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام پسماندہ طبقات کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے، حکومت خصوصی اور معذور افراد کو بھی ہیلتھ کارڈ فراہم کررہی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے مزید کہا کہ پاکستان نے 2018ء میں ٹرانسجینڈر رائٹس ایکٹ بنایا تھا، جس کے تحت انہیں برابر کا شہری مانا گیا ہے، معاشرے میں ان کی تفریق کی ممانعت کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے فلاحی ریاست وژن کے تحت ٹرانسجینڈرز کو صحت کارڈ دیے جارہے ہیں، جس سے انہیں بھی معاشرے میں تحفظ حاصل ہوگا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے یہ بھی کہا کہ تھرپارکر اور فاٹا میں صحت انصاف کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولیات میسر ہیں، آئندہ سال کے آخر تک پاکستان کی آدھی آبادی صحت انصاف کارڈ کی سہولت سے مستفید ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کی رسائی ہر شخص تک یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہیں، صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ ترین