• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا اہل کراچی کو بجلی17روپے69 پیسے فی یونٹ ملے گی؟

کیا اہل کراچی کو بجلی17روپے69 پیسے فی یونٹ ملے گی؟


نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) کے ’کے الیکٹرک‘ ٹیرف میں اضافے کے بعد بجلی فی یونٹ 17 روپے 69 پیسے ہوجائے گی۔

نیپرا نے کے الیکٹر ک صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی اوسطاً 4 روپے 90 پیسے مہنگی کی منظوری دے دی ہے جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔

حکومت نے کے الیکٹرک ٹیرف میں اضافے کے نیپرا کے فیصلے کو گرین سگنل دے دیا تو کراچی کے شہریوں پر سالانہ 106 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

گزشتہ روز نیپرا نے کے الیکٹرک کی جولائی تا ستمبر 2016 اور جنوری تا مارچ 2019 تک کی 11 سہ ماہی درخواستوں کی ایڈجسٹمنٹ پر فیصلہ جاری کیا تھا۔

نیپرا حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ 4 روپے 90 پیسے اضافے سے کے الیکٹرک کا اوسط بجلی ٹیرف 17 روپے 69 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔

نیپرا حکام کے مطابق وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے بجلی ٹیرف میں ہونے والے زیادہ اضافے پر سبسڈی بھی دے سکتی ہے۔

حکام کے مطابق ملک بھر میں یکساں نرخ مقرر کرنے کے فارمولے کے تحت یہ اضافہ اوسطاً ڈیڑھ روپے فی یونٹ تک رہ جائے گا، اب حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کو ہی کرنا ہے۔

گزشتہ روز نیپرا کے بیان کے بعد کے الیکٹرک نے بھی اضافے پر وضاحتی بیان جاری کیا تھا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھایا گیا ٹیرف صارفین پر لاگو نہیں ہوگا، ملک بھر میں یونیفارم ٹیرف پالیسی کے تحت ٹیرف یکساں ہے، وزارت توانائی نوٹیفکیشن جاری کرے گی جو صارفین پر لاگو کیا جائے گا۔

تازہ ترین