• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ تارو آسو نے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی بہتر ہوتی معیشت کی تعریف کی، پاکستان کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات میں اضافے کا یقین بھی دلایا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر اہم دورے پر جاپان میں موجود ہیں جہاں ان کی جاپان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ تارو اسو سے اہم ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں جاپانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ تارو اسو نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ جاپان کی حکومت پاکستان کے ساتھ معاشی و اقتصادی تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح تک لے کر جائے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے بھی پاکستان کی جاپان کے ساتھ معاشی و اقتصادی تعلقات میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانی سیاسی اور معاشی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور کئی دہائیوں سے جاپان کی جانب سے پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی قدر کرتا ہے۔

حماد اظہر نے جاپانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ تارو اسو کو وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی جانب سے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

حماد اظہر نے جاپانی نائب وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ پاکستان اپنی بہترین معاشی پالیسیوں کے سبب ایشیا میں کاروبار میں آسانی فراہم کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بہترین ممالک میں سر فہرست ملک بن چکا ہے جبکہ معاشی ریٹنگ ایجنسی نے بھی پاکستان کو اٹھائیس پوائنٹس کے اضافے سے بہترین معاشی پالیسی رکھنے والا ملک قرار دیا ہے۔

تازہ ترین