• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورۂ پاکستان، بنگلادیش کی ٹال مٹول ختم نہ ہوسکی

دورۂ پاکستان، بنگلادیش کی ٹال مٹول ختم نہ ہوسکی


پاکستان کا دورہ کرنے کے حوالے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی ٹال مٹول تاحال ختم نہیں ہوسکی، پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے دورے سے متعلق جواب دینے کے لیے مزید وقت مانگ لیا، بنگلادیشی ٹیم کے دورے میں تاخیر پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان مجوزہ سیریز ہو گی یا نہیں؟، سیریز کے دوران کتنے میچز کھیلے جائیں گے؟ سیریز میں ٹیسٹ ہوں گے یا صرف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہوں گے؟، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو جمعرات کو دورۂ پاکستان کے حوالے سے اپنے فیصلے سے آگاہ کرنا تھا۔

پورادن انتظار کے بعد خبر آئی کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا بلکہ مزید وقت مانگ لیا ہے۔

بنگلادیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک ای میل ارسال کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے مجوزہ دورے پر حتمی فیصلہ کرنے کے لیے ہمیں مزید وقت درکار ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی میڈیا اینڈ کمیونی کیشن کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ ابھی کئی چیزیں حل طلب ہیں، امید ہے12 جنوری کو بورڈ کے اجلاس میں انہیں طے کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ پوچھ لی

پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بتایا کہ اُنہیں ابھی مزید ایک ہفتہ درکار ہے وہ اگلے ہفتے سیریز سے متعلق آگاہ کر دیں گے۔ ابھی کسی پروپوزل پر بات نہیں ہو ئی، نئی پیش رفت پر فی الوقت کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیریز کے اعلان میں تاخیر پی سی بی کےلیے پریشان کن ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے لیے بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ہے لیکن یہ دورہ اس وقت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ بنگلہ دیش ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان میں ہی پہلے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بنگلادیشی ہیڈ کوچ پاکستان آنے کو تیار

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال نہیں بلکہ بنگلہ دیش میں کچھ حلقے پاکستان کے دورے کے حق میں نہیں ہیں اور انہوں نے بورڈ اراکین پر دورے کی مخالفت کے لیے دباؤ ڈالا اور پاکستان کے دورے کی کھل کر مخالفت کی، جبکہ بعض کرکٹرز بھی پاکستان کا دورہ کرنے کے حامی نہیں ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ صدارتی لیول کی سیکیورٹی کی یقین دہانی اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس انکار کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ رسل ڈومینگو نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ٹیم مینجمٹ میں شامل بعض اراکین پاکستان جانے میں دلچسپی نہیں رکھتے لیکن انہیں وہاں جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر ٹیم کو پاکستان جانے کےلیے کلیئرینس ملتی ہے تو وہ ضرور پاکستان جائیں گے۔

تازہ ترین