• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان ، پاکستان کو سالانہ 30 ملین ڈالر امداد فراہم کررہا ہے، حماد اظہر

وفاقی وزیر برائے اقتصادی اُمور حماد اظہر نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان کو سالانہ تیس ملین ڈالر کی اقتصادی امداد فراہم کر رہا ہے جبکہ جاپان کی جانب سے پاکستان کے لیے ین لون میں ماضی کے مقابلے میں کافی کمی دیکھی گئی ہے، جس کے لیے جاپانی قیادت سے بات کی ہے۔

حماد اظہر نے ٹوکیو میں روزنامہ جنگ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر جاپان کی حمایت حاصل ہے جبکہ پاکستان نے بھی کافی ہوم ورک کرلیا ہے اور امید ہے ہماری سفارشات کی روشنی میں عنقریب پاکستان کا نام گرے لسٹ سے ہٹا لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر جاپان کو کوئی اعتراض نہیں ہے، ہم دونوں ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں ۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے مخالف ہیں تاہم کسی بھی صورت میں پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا بلکہ جنگ رُکوانے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان میں دبئی طرز کا شہر تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جبکہ پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر بھی غور کررہے ہیں تاکہ ماحول میں بھی بہتری ہو اور فیول کے استعمال میں بھی کمی واقع ہو ۔

وفاقی وزیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بائیس ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیج کر اوورسیز پاکستانی معشیت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاپان کے ساتھ مین پاوپر کی فراہمی کے معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے ساتھ پاکستان کے لیے زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی ایکٹ کی منظوری سے سیاسی استحکام میں اضافہ ضرور ہوگا لیکن حکومت پانچ سال آرمی ایکٹ کے بغیر بھی پورے کرسکتی تھی جو اس کا حق ہے آرمی ایکٹ کی منظوری اور حکومت کا مدت کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔

حریم شاہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ حریم شاہ کی اگلی ویڈیو کس کے ساتھ آئے گی ۔

تازہ ترین