• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی نے ہمارے دل بہت دکھائے ہیں ، مسلمان خواتین

مودی نے ہمارے دل بہت دکھائے ہیں ، مسلمان خواتین


بھارت میں مودی سرکار کے مظالم اور متنازع شہریت کے قانون کے خلاف مسلم خواتین جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں ۔

مسلم خاتون کا کہنا ہے کہ نسلوں سے بھارت میں رہ رہے ہیں، آج کہتے ہیں کہ کاغذ دکھائو، لمحوں میں ہمیں پرایا کردیا گیا، مودی نے ہمارے دل بہت دکھائے ہیں۔

متنازع شہریت قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں جاری مسلمان خواتین کے احتجاج میں خاتون جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، مسلمانوں کے خلاف مودی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے رو پڑیں۔

شاہین باغ کی خواتین نے مودی کو کھلا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جب تک قانون نہیں ہٹاو گے ہم یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔

خواتین نے کہا کہ ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے، آخر باپ دادا کی سرزمین پر شہریت کا حق ہونے کا ثبوت کیوں دیں؟

متنازع شہریت قانون نے دہلی کے شاہین باغ کی مسلمان خواتین کو گھر کے کام کاج چھوڑ کر سردی میں کھلے آسمان تلے آبیٹھنے پر مجبور کردیا ہے۔

15 دسمبر سے جاری مسلمان خواتین کے احتجاجی دھرنے میں اکثریت کی تعداد گھریلو خواتین کی ہے۔ جن کے بچے ان کی گود میں ہی موجود ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ متنازع شہریت قانون بھارتی آئین پر حملہ ہے، وقت آگیا ہے کہ اب انہیں خود ہی کچھ کرنا ہوگا۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے صحافی رویش کمار سے گفت گو کرتے ہوئے احتجاج میں شامل ایک خاتون مسلمانوں کے خلاف مودی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے رو پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ لمحوں میں ہمیں پرایا کرکے مودی نے ان کےدل دکھائے ہیں۔

ایک خاتون کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خودمختاری پر حملہ ہوا، کبھی ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنایا، کبھی شک کی بنیاد پر گائے کا گوشت رکھنے کے الزام میں جان سے ماردیا گیا اور بھارتی مسلمان صبر کا دامن تھامے بیٹھے رہے کہ شاید تبدیلی ہو لیکن اب حد ہوگئی ہے۔

تازہ ترین