• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا حکومتی ہدایت پر پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا حکومتی ہدایت پر پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار


بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔

یہ اعلان بی سی بی کے سربراہ ناظم الحسن نے ڈھاکا میں ہونے والے بورڈ کے اجلاس کے بعد کیا۔

بی سی بی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے مختصر قیام کر سکتی ہے۔

ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ان کی حکومتی ایڈوائس کے مطابق پاکستان میں صرف ٹی ٹوینٹی کھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ باضابطہ طور پر اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان جنوری میں متوقع تھا، لیکن گزشتہ کئی دنوں سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے متعلق ہچکچاہٹ کا شکار رہا۔

بی سی بی نے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کیا تھا جبکہ پی سی بی نے ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ بھی دریافت کی تھی۔

اس حوالے سے اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کی وجہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال نہیں بلکہ بنگلہ دیش میں کچھ حلقے پاکستان کے دورے کے حق میں نہیں ہیں۔

ان حلقوں نے بورڈ اراکین پر دورے کی مخالفت کے لیے دباؤ ڈالا اور پاکستان کے دورے کی کھل کر مخالفت کی تھی، جبکہ بعض کرکٹرز بھی پاکستان کا دورہ کرنے کے حامی نہیں تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیشی بورڈ کے انکار کے بعد معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں بھیجنے کی دھمکی بھی دی تھی لیکن بنگلادیشی بورڈ اراکین اس پر بھی پریشان نہیں ہوئے اور اپنی ضدر پر اڑے رہے۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ صدارتی لیول کی سیکیورٹی کی یقین دہانی اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس انکار کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پی سی بی نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

مزید پڑھیے: بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی کیلئے تیار، پاکستان نے ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ پوچھ لی

پی سی بی کا کہنا تھا کہ اگر سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں تو آزادانہ کنسلٹنٹ سے پوچھا جا سکتا ہے اور آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کرکٹ کا ماننا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی شاندار میزبانی کے بعد بنگلہ دیشی بورڈ کا دورہ پاکستان کے سیکیورٹی کو جواب بنانا سمجھ سے بالا تر ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے فضائی آلودگی انتہائی درجے تک خراب ہونے کے باوجود نئی دہلی کا دورہ کیا تھا اور کچھ کھلاڑیوں نے ماسک پہن کر میچ پریکٹس کی تھی۔

تازہ ترین