• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال: سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل بلا لیا گیا، اگست کے بعد دوسری بار سلامتی کونسل کشمیر کے مسئلے پر بات کرے گی۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل نیویارک میں پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے بلایا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا گروپ کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دے گا۔ سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرانے میں چین نےکلیدی کردارادا کیا ہے۔

اس سے پہلے گذشتہ برس 16 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی غیر مستحکم صورتحال پر غور کے لیے سلامتی کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی، اقوام متحدہ کے فوجی مبصر جنرل کارلوس لوئٹے اور معاون سیکریٹری جنرل آسکر فرنانڈس نے جموں و کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی تھی۔

یو این خبر ایجنسی نے اجلاس سے متعلق جاری خبر میں کہا تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں براہ راست بات چیت ہوئی، جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی پوزیشن چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کےتحت ہے، سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس جموں و کشمیرکی صورتحال پر تشویش اور انتہائی تحمل کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن 163 ویں روز بھی برقرار اور ریاستی دہشتگردی جاری ہے۔ دو دنوں میں شہید کشمیریوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے، برف باری کے باوجود ترال میں شہید تین نوجوانوں کی نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد شریک ہوئےاور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

تازہ ترین