• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنید صفدر کا گریجویشن مکمل، والدین کی تقریب میں عدم شرکت

مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے لندن اسکول آف اکنامکس (ایل ایس ای) سے اپنا گریجویشن مکمل کرلیا، تاہم ڈگری وصول کرنے کے لیے تقریب میں والدین شرکت نہ کرسکے۔

واضح رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کا ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہونے کی وجہ سے وہ بیٹے کی تقریب تقسیم اسناد میں شرکت نہ کرسکے۔

نواز شریف کے نواسے اور مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے ایل ایس ای سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

جنید صفدر نے اپنا 12 ماہ کا فل ٹائم کورس مکمل کرنے کے بعد یہ ڈگری حاصل کی۔

تقریب میں ان کی والدہ مریم نواز اور والد کیپٹن (ر) جنید صفدر نے شرکت نہیں کی، کیونکہ دونوں اس وقت پاکستان میں ہیں اور ان کا ای سی ایل میں شامل ہے۔

جنید صفدر کے نانا اور سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت لندن میں موجود تو ہیں لیکن رائل برومپٹن اسپتال میں ان کی ڈاکٹرز کے ساتھ اپائنٹمنٹ ہونے کی وجہ سے وہ بھی نواسے کی تقریب تقسیم اسناد میں شرکت نہ کرسکے۔

جیند صفدر نے یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) سے عالمی نظم و نسق اور اخلاقیات میں بھی ماسٹرز کیا ہوا ہے۔

مذکورہ ماسٹر کی تکمیل پر تقریب تقسیم اسناد 2019 میں اس وقت ہوئی تھی جب ان کے نانا، والد اور والدہ جیل میں قید تھے۔ 

یو سی ایل سے قبل جنید صفدر ڈرہم یونیورسٹی گئے تھے جہاں سے انہوں نے سیاسیات میں فرسٹ کلاس اونرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔

جنید صفدر ایک اچھے اسپورٹس مین بھی ہیں اور انہوں نے ان جامعات میں اپنے تدریسی وقت کے دوران پولو ٹیموں کی نمائندگی بھی کی تھی۔

چین میں ہونے والے بین الجامعات پولو ٹورنامنٹ میں یونیورسٹی آف لندن کی نمائندگی کی تھی۔

علاوہ ازیں وہ اسی جامعہ میں پاکستانی طلبہ کی ٹیموں کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں، یہ ٹورنامنٹس برطانیہ کے مختلف علاقوں میں کھیلے گئے جبکہ اپنی صلاحیتوں کی وجہ انہیں شہرت بھی ملی۔

انہوں نے ایل ایس ای میں سیاسیات کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں نومبر 2018 میں داخلہ لیا تھا۔

ان کی ڈگری مکمل ہونے کے بعد یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ نواز شریف اب انہیں بھی بہت جلد سیاسی منظر نامے پر لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

تاہم جیند صفدر کے قریبی ذرائع نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت جنید صفدر کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کی تیمار داری اور لندن جانے کے لیے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دی تھی۔

تازہ ترین