• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان امن معاہدے کیلئے اہم پیش رفت، طالبان عارضی جنگ بندی پر تیار

دوحہ(اے ایف پی،جنگ نیوز)افغان امن معاہدے کیلئے اہم پیشرفت ،افغان طالبان عارضی جنگ بندی پر تیار ہو گئے ہیں،جنگ بندی 10روز کیلئے ہو گی، دستاویز قطر میں امریکی مذاکرات کار کے حوالے کی گئیں، ادھر پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود نے بھی کہا ہے کہ پیشرف مثبت ہے، طالبان نے ایک اہم مطالبہ مانتے ہوئے اپنی پرتشدد کارروائیوں میں کمی لانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔غیرملکی خبررساںادارے نےافغان امن مذاکراتی عمل سے باخبر ایک شخصیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ طالبان نے عارضی فائربندی سے متعلق ایک دستاویز امریکی مذاکرات کار زلمے خلیل زاد کے حوالے کر دی ہے، بتایا گیا ہے کہ یہ عارضی فائربندی 7سے 10روز تک کی ہو گی،افغان طالبان کی اس پیش کش کو کسی ممکنہ افغان امن معاہدے اور18سالہ جنگ کے خاتمے کے حوالے سے ایک نیا موقع تصور کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنگ بندی سے متعلق دستاویز بدھ کی شام قطر میں امریکی مذاکرات کار کے حوالے کی گئیں۔دوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کہا ہے کہ افغان طالبان پرتشدد کارروائیوں میں کمی لانے پر تیار ہو گئے ہیں، پاکستانی وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد ایک مرتبہ پھر ایسی چہ مگوئیوں میں اضافہ ہو گیا ہے کہ طالبان امریکا مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت ہونے والی ہے۔شاہ محمود قریشی کا ایک مختصر وڈیو پیغام میں کہنا تھاکہ آج ایک مثبت پیش رفت ہوئی ہے، طالبان نے تشدد میں کمی لانے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور یہی مطالبہ بھی تھا،یہ امن معاہدے کی جانب ایک قدم ہے۔‘‘پاکستانی وزیر خارجہ نے اس سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستانی وزیر خارجہ کے اس بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ اس تبصرے پر غور کر رہے ہیں۔

تازہ ترین