• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ملک بھر میں آٹے کا بحران، پنجاب میں180 ملوں کا کوٹا بند، 15 کے لائسنس معطل

ملک بھر میں آٹے کا بحران، پنجاب میں180 ملوں کا کوٹا بند، 15 کے لائسنس معطل


لاہور( این این آئی) آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروںپروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی جس پرمحکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 376فلورملوں کیخلاف کارروائی کی اورمجموعی طورپر 9کروڑ 6لاکھ روپے جرمانہ کیا۔

15فلور ملوں کے لائسنس معطل کردیئے گئے اور180فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ معطل کردیا جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے 126سیل پوائنٹس قائم کردئیے گئے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے پر محکمہ خوراک کے افسروں کیخلاف ایکشن بھی شروع کردیا گیا ہے اور فرائض سے غفلت برتنے اوربے ضابطگیوں میں ملوث محکمہ خوراک کے4 افسران کوعہدوں سے ہٹا دیا گیاہے۔

ڈسٹرکٹ فود کنٹرولرگوجرانوالہ روحیل بٹ اورڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سیالکوٹ نصراللہ خان ندیم کومعطل کردیا گیاہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک فیصل آبادکامران بشیر اورڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی صغیر احمد کو عہدوں سے ہٹا دیاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے 126سیل پوائنٹس قائم کردئیے گئے ہیں۔لاہورڈویژن میں 21سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے ایکس مل ریٹ پر آٹے کی سپلائی شروع ہے اسی طرح راولپنڈی ڈویژن میں 55سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے کنٹرول ریٹ پر آٹا فراہم کیا جارہا ہے ۔

گوجرانوالہ ڈویژن میں 9سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے کنٹرول ریٹ پر آٹے کی فراہمی کا آغاز کردیا گیاہے اوربہاولپور ڈویژن میں 17سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے آٹا فراہم کیا جارہا ہے جبکہ سیالکوٹ ضلع میں 24سیل پوائنٹس پر ٹرکوں کے ذریعے آٹے کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ عوام کو آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پردستیابی یقینی بنائی جائے گی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ خوراک میں مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ گندم اورآٹے کی سپلائی اورڈیمانڈکی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے۔

سرکاری گندم کاآٹا اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی ملوں کو سیل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں صوبے میں آٹے کی ڈیمانڈ و سپلائی اورقیمتوں کے حوالے سے جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر فوڈ، سیکرٹری اطلاعات نے اجلاس میں شرکت کی۔

تازہ ترین