• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ میڈیا گروپ کے تعاون سے آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس پیر کو ہوگی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جنگ میڈیا گروپ کے اشتراک سے 20اور21جنوری کو اسلام آباد میں آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرس ہوگی جس میں ملک کے تمام چیمبر آف کا مرس کے 40سے زائد صدور کے علاوہ دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہونگی ۔

۱سلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کانفرس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زیادہ شرح سود، روپے کی قدر میں کمی،بجلی ، گیس ، تیل کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں اضافے اور دیگر وجوہات کی وجہ سے کاروبار کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

جس کی وجہ سے صنعتی شعبے کی ترقی بہت متاثر ہوئی ہے اور کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار ہو رہی ہیں جبکہ برآمدات کو فروغ دینے میں بھی بہت مشکلات پیش آ رہی ہیں اور ان حالات میں معیشت کی ترقی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یہ ضرورت محسوس کی کہ سال2020کے آغاز میں ایک آل پاکستان چیمبرز صدور کانفرنس منعقد کی جائے تا کہ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کر کے کاروبار ی برادری کو درپیش مشکلات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جائے اور انکے اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت کو جامع تجاویزپیش کی جائیں تا کہ ان تجاویز کی روشنی میں حکومت کاروبار ی شعبے کو آسانیاں فراہم کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ایس ایم ایز سمیت تمام کاروباری اداروں اور سرمایہ کاری کی بہتر ترقی کیلئے سازگارماحول فراہم کیا جائے۔

انہوں نےکہا اس کیلئے یہ ضروری ہے کہ حکومت تاجر وصنعتکاربرادری کی قیادت کو اعتماد میں لے اور ان کی مشاورت کے ساتھ ایسی اقتصادی پالیسیاں تشکیل دے جن پر عمل درآمد سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے جس سے معیشت بھی مشکلات سے نکل کی بہتری کی طرف گامزن ہوگی، کانفرنس میں نہ صرف ملک کی بزنس کمیونٹی کی قیادت حکومت کو اپنے شعبے کے مسائل سے آگاہ کرے گی بلکہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنی متفقہ تجاویز حکومت کو دے گی،حکومت کے نمائندگان بھی اس موقع پر تاجروصنعتکار برادری کو معیشت کو بہتر کرنے کے بارے میں حکومتی موقف سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کہ کہ آل چیمبرز صدور کانفرنس حکومت اور تاجروصنعتکار برادری کے درمیان اعتماد کو مزید بہتر کرنے اور نجی شعبے و حکومت کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایک مثبت قدم ثابت ہو گی۔

تازہ ترین