• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترسیلات زرکی 5ہزارڈالرکی حدبڑھائی جائے‘عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے تعلیمی نصاب میں تصوف کو شامل کرنے کا حکم د یتے ہو ئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم تک آسان رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ تعلیم کا بجٹ دوگنا تو ہو سکتا ہے مگر کم نہیں‘پی ایچ ڈی اور تحقیق کا معیار مزید بلند کیا جائے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت 130 ارب روپے نوجوانوں پر خرچ ہوں گے‘غیر ضروری طور پر ٹیکس کا پیسہ ضائع نہ ہونے دیا جائے، تعلیم کے لئے مزید رقم بھی درکار ہو گی تو فوری دیں گے‘ انہوں نے اسٹیٹ بنک اور وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ غیرملکی ترسیلات زر کی موجودہ حد پانچ ہزار ڈالر میں اضافہ کیا جائے‘تاجر برادری کی راہ میں رکاوٹوں کے خاتمہ، سازگار ماحول کی فراہمی اور بالخصوص نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دینا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اعلی تعلیم اور ایچ ای سی اصلاحات سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ جامعات میں بچوں کو تاریخ اور تصوف نہیں پڑھایا جاتا‘اب تعلیمی نصاب میں تاریخ اور تصوف کو بھی شامل کیا جائے‘نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور وسائل خرچ کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کوتعلیم تک آسان رسائی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت تمام معاشی مشکلات کے باوجود ہائر ایجوکیشن کے حوالے سے مالی ضروریات کو پورا کرے گی۔علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی راہ میں رکاوٹوں کے خاتمہ، سازگار ماحول کی فراہمی اور بالخصوص نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دینا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ جمعہ کو ای کامرس پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ ای کامرس ملکی معیشت کی ایک اہم ضرورت ہے اور موجودہ حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ ای کامرس پالیسی متعارف کرائے جانے کا مقصد چھوٹے اور درمیانے انٹرپرائزز کے بزنس میں آسانی فراہم کرنا ہے۔وزیراعظم نے اسٹیٹ بنک اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ ای کامرس پالیسی پر مکمل عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور اسے فری لانسرز، تعلیم یافتہ اور ٹیکنالوجی ایکسپرٹ نوجوانوں کی آمدن کیلئے مفید بنایا جائے ۔ای کامرس پالیسی کے تحت اشیاءکی آسان اور کم لاگت ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان پوسٹ کو ہدایت کی کہ پوسٹل نیٹ ورک میں ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے اقدامات کئے جائیں اور ملک اور بیرون ملک سے اشیاءکی عالمی معیار کے مطابق ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کیش آن ڈلیوری اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر ٹیکس مراعات پر بھی غور کیا جائے۔

تازہ ترین