• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسٹم انٹیلی جنس کی اسمگلروں کیخلاف موٹر ویز اور نیشنل ہائی ویز پر ناکہ بندی

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر نے اسمگلنگ کے خاتمہ کی خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ ڈائریکٹریٹ جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کی ہدایت پر کراچی‘ کوئٹہ‘ پشاور‘ ملتان‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ حیدرآباد‘ سکھر سمیت تمام کسٹم انٹیلی جنس ڈائریکٹروں نے خصوصی چھاپہ مار ٹیموں کے ذریعے جی ٹی روڈ‘ موٹر وے اور دوسری قومی شاہراہوں کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ اسکے علاوہ کراچی پورٹ‘ گوادر پورٹ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے نام پر آنے والے درجنوں کنٹینروں کے ذریعے غیرملکی ممنوعہ سامان جسے کسٹمز حکام کلیئر کر دیتے ہیں ان کو راستے میں پکڑنا شروع کر دیا ہے جن سے کروڑوں روپے کا اسمگل شدہ غیرقانونی مال ضبط کر لیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی جانے والے ایک نسان ٹرک ٹریلر کے ذریعے اسمگلروں نے ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال کے دوران اسمگل شدہ مال اور کروڑوں روپے مالیتی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی مگر حیدرآباد اور سکھر کے درمیان اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ جنوری کے پہلے دو ہفتوں میں نصف درجن سے زائد آپریشنز کئے گئے جن کے دوران منشیات‘ غیرقانونی سپاری‘ کروڑوں روپے مالیتی اسمگل شدہ غیرملکی شیفون کپڑا ضبط کر لیا گیا۔
تازہ ترین