• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈرل سروس ٹریبونل، ریٹائرڈ افسران کی گریڈ22 میں ترقی دینے کی اپیلیں منظور

کراچی(سید محمد عسکری)فیڈرل سروس ٹریبونل کے چیئرمین قاضی خالد اور رکن منظور علی خان پر مشتمل بنچ نے وفاقی حکومت کے گریڈ 21 کے ریٹائرڈ افسران کی گریڈ 22 میں ترقی دینے کی 31 اپیلوں کو منظور کر لیا ہے اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ان 31 افسران کو ریٹائر ہونے کے بعد گریڈ 22 میں ترقی دینے کیلئے ان کے معاملات کو ایف آر 17/1 کمیٹی میں غور کیلئے پیش کیا جائے۔ ان افسران کو اس دن سے ترقی دی جائے جس دن ان کے کسی جونیئر افسر کو ترقی دی گئی۔ 31 صفحات پر مشتمل فیصلہ کو چیئرمین قاضی خالد علی نے تحریر کیا ہے۔ 31 اپیلوں کو ذاکر محمد جوہر اور دیگر 30 سرکاری افسران نے 2016ء اور 2012ء میں فیڈرل سروس ٹریبونل میں دائر کیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ان تمام افسران نے ساری زندگی ایمانداری، دیانتداری اور ان تھک محنت سے کام کیا لیکن ان کو گریڈ 21 میں ریٹائر کر دیا گیا جبکہ ان کے جونیئر افسران کوگریڈ 22 میں غیرقانونی اور بلاجواز ترقی دی گئی لہٰذا اپیل کنندگان بھی گریڈ 22 میں ترقی کے حقدار ہیں۔ اپیل کنندہ کے وکلاء نے اپنے دلائل میں فیڈرل سروس ٹریبونل، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے حوالے بھی دیئے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سید محمد رضا نے مؤقف اختیار کیا کہ ان تمام ریٹائرڈ افسران کی اپیلیں قانونی معیار سماعت 1908ء کے تحت قابل سماعت نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ میرٹ پر ہائی پاور سلیکشن بورڈ وزیر اعظم کی سربراہی میں گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں افسران کو ترقی دیتا ہے لہٰذا ان کی اپیلوں کو مسترد کیا جائے۔ ٹریبونل نے وکلاء اور کچھ اپیل کنندگان کو ذاتی طور پر اپنی اپیل کی پیروی کیلئے دلائل دینے کی اجازت دی اور تمام اپیلوں کو منظور کر لیا۔
تازہ ترین