• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی جبر و استبداد کی پالیسی ناکام ہو چکی،گورنرسندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے دل کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، فروری کو سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کریں گے،10 لاکھ بھارتی افواج، مسلسل کرفیو اور لاک ڈان بھی کشمیر ی عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکے، بھارت کی جبر و استبداد کی پالیسی ناکام ہو چکی ، کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود کی سربراہی میں 11 رکنی وفد سے گورنرہاوس میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی موجود تھے،وفد میں سید طاہر حسین شاہ، محمد رستم، محمد معروف، عامر قریشی، سلیم بٹ، عبد القدوس، محمد مشکور، محمد بابر، ممتاز، سردار راشد اور محمد شاہد شامل تھے،ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی جاری صورتحال، صوبہ کی ترقی میں کشمیریوں کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور شہریت کے متنازعہ قانون کی شدید مذمت کی گئی،گورنرنے کہا کہ صوبہ میں بسنے والے کشمیری معاشی، سماجی اور معاشرتی ترقی میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔دریں اثنا گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزراءپرویز خٹک، اسد عمر، پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین اور حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی،ملاقات میں وفاق کے تحت ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، صوبے کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

تازہ ترین